پیپلزپارٹی کی حکومت نے آزاد کشمیر کو صحیح معنوں میں تحریک آزادی کا بیس کیمپ بنایا ،چودھری عبدالمجید

پاکستان مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے، تمام سیاسی جماعتیں مسلح افواج کے ساتھ ہیں،حق خودارادیت کو سرد کرنے کے تمام بھارتی ہتھکنڈے ناکام ہوں گے،وزیراعظم آزادکشمیرکااسمبلی میں خطاب

ہفتہ 27 جون 2015 19:08

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جون۔2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے بجٹ پر بحث کو سمیٹتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے آزاد کشمیر کو صحیح معنوں میں تحریک آزادی کا بیس کیمپ بنایا اور کشمیر ایشو پر ساری مذہبی وسیاسی قیادت کو اکھٹا کیا اور ان کی مشاورت سے ایسی حکمت عملی مرتب کی جس سے تحریک آزادی کو تقویت ملی۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام نے تحریک آزادی کے لیے جو لہو بہایا تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اسے رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ پاکستان مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے پیپلزپارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتیں مسلح افواج کے ساتھ ہیں پوری ملت پاکستان چٹان کی طرح جنرل راحیل شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین شہیدذوالفقار علی بھٹو نے پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی جبکہ شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نے ساری سیاسی زندگی کشمیریوں سے کمٹمنٹ نبھائی۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے مسئلہ کشمیر پر واضح اور دوٹوک موقف اپنایا جبکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مسئلہ کشمیرکہ موقف پر ہندوستان کہ ایوانوں ہلا کر رکھ دیا۔وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے جاندار موقف اپنایاجس پر اہل کشمیر اُن کے شکر گزار ہیں۔

کشمیر کا بچہ بچہ مسلح افواج کے ساتھ کھڑا ہے۔آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر پر جرات مندانہ موقف اپنا کر تحریک آزادی کو ایک نیا ولولہ دیا آج مسئلہ کشمیر ایک فلش پوائنٹ بن چکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام بھارتی سنگینوں تلے پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں وزیراعظم نے کہا کہ شہیدوں کا مقد س لہو رنگ لا کررہے گا۔حق خودارادیت کو سرد کرنے کے تمام بھارتی ہتھکنڈے ناکام ہوں گے ۔

مقبوضہ کشمیر سے آنے والے مہاجرین کے معاملات کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں آباد مقبوضہ کشمیر سے آنے والے تمام مہاجرین کو مالکانہ حقوق دیں گے۔مہاجرین کے گزارہ الاؤنس میں اضافہ حکومت پاکستان سے دلوائیں گے اور مہاجرین کے تمام معاملات کو یکسو کریں گے۔حکومت پاکستان آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی لے رہی ہے جس پر وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے شکر گزار ہیں۔

کوہالہ سے مظفرآباد متبادل سڑک کے منصوبے پرخیبر پختونخواہ حکومت کے بھی شکر گزار ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ مظفرآباد تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے اسے دنیا کا بین الاقوامی شہر بنا دیں گے ۔وزیراعظم نے کہاکہ حالیہ بجٹ کو مکمل عوامی و فلاحی بجٹ بنایا گیا ہے جس سے آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں کے عوام کو بھی شہر جیسی سہولتیں مہیا ہوں گی۔پیپلزپارٹی کی حکومت نے چار سال کے عرصہ میں تین میڈیکل کالجز اور پانچ یونیورسٹیاں قائم کی انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی قائم کررہے ہیں جبکہ جامع الاھزر طرز پر جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی اسلامی یونیورسٹی قائم کرکے رہیں گے کیڈٹ کالج مظفرآباد میں جلد کلاسز کا اجراء کریں گے۔

میرپور میں ملٹری کالج قائم کریں گے ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں ائیرپورٹ کے لیے 18ہزار کنال رقبہ مختص کیا گیا ہے وزیراعظم پاکستان سے ائیرپورٹ کی تعمیر کی درخواست کریں گے۔ سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود کی طرف سے حکومت پر کرپشن کے الزامات لگانے کے حوالے سے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود کا سیاست میں کوئی کریکٹر نہیں ہے انہوں نے چھ سیاسی جماعتیں بدلیں اقتدار ان کی سیاست کا مقصد ہے جبکہ ہم خدمت خلق کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ۔

کرپشن کے الزامات ہمیں خدمت خلق کے ایجنڈے سے نہیں ہٹا سکتے بیرسٹر سلطان محمود کی طرف سے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے تمام دعوے بے بنیاداور خود ساختہ ہیں انہوں نے کہاکہ کوآپریٹوبنکوں کے معصوم لوگوں کے اربوں روپے ہڑپ کرنے والے کیا الزامات لگائیں گے جس کو شک ہے وہ ہمارے خلاف عدالتوں میں جا سکتا ہے ہم کٹہرے میں کھڑے ہونے کے لیے تیار ہیں کسی وزیر پر کوئی الزام ثابت ہوا تو اسی وقت کابینہ سے نکا ل دوں گا۔

۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں نے کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کااظہار کیا عمران خان جس تہذیب وتمدن کو لانا چاہتے ہیں وہ تہذیبوں کا تصادم ہے جو ہمیں قبول نہیں۔وزیراعظم نے متفقہ آئینی اصلاحات کے اتفاق پر پورے ایوان کو مبارک باد دی اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے آزادکشمیر میں پولیٹیکل فاؤنڈیشن کے قیام کا اعلان کیا ۔ اپوزیشن کی تمام جائز تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا ہے مزید تجاویز کو بھی شامل کریں گے۔