پاکستان ہی وہ واحد ملک ہے جو کشمیریوں کی بھرپور نمائندگی کر رہا ہے‘واجد علی برکی

پاکستان پیپلز پارٹی شہیدوں اور غازیوں کی جماعت ہے جو ذوالفقار علی بھٹو کے نظریہ پر کاربند ہے‘صدارتی مشیر

اتوار 28 جون 2015 13:35

برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جون۔2015ء) صدارتی مشیربرائے اوورسیز اور پیپلز بزنس فورم برطانیہ کے سابق چیئرمین واجد علی برکی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہیدوں اور غازیوں کی جماعت ہے جو ذوالفقار علی بھٹو کے نظریہ پر کاربند ہے ۔ پاکستان کو بے شمار مشکلات کا سامنا ہے مگر اس کے باجود پاکستان نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا ضرب عضب آپریشن کی کامیابی پاکستان کی بڑی کامیابی ثابت ہوا ہے۔

اوورسیز پاکستانی کمیونٹی ایک بڑا سرمایہ ہے جنکی خدمات ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔پاکستان ہم سب کا ہے اور ہر ایک کشمیری وطن عزیز سے والہانہ محبت رکھتا ہے یہی جذبہ ہمیں کہیں ناکام نہیں ہونے دیتا۔

(جاری ہے)

پاکستان ہی وہ واحد ملک ہے جو کشمیریوں کی بھرپور نمائندگی کر رہا ہے تاہم بھارت کے مقابلے پاکستانی قیادت اس طرح جاندار موقف نہیں اختیار کر رہی جس طرح بھارت پروپیگنڈہ کر رہاہے۔

انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر صحیح پیش رفت نہ ہونے کی وجہ کمزور پاکستان ہے جو مختلف مسائل کے گرداب میں ہے پاکستان کا مضبوط ہونا گویا کشمیرکاز کے مضبوط ہونے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اوورسیز کمیونٹی کے بے شمار ایسے مسائل ہیں جو حل طلب ہیں ۔انھوں نے کہا کہ اگر پاکستان اوورسیز کمیونٹی کو قیمتی سرمایہ سمجھتا ہے اس کمیونٹی کے مسائل بھی کرے ۔