سردار عبدالقیوم انتہائی متحرک، ہمہ گیر، سیاست میں افہام وتفہیم پر یقین رکھنے والی شخصیت تھے، بلاول بھٹو

وفات سے پیدا ہونیوالا خلاء مدتوں پورا نہیں کیا جاسکتا،مرحوم کی ہمیشہ کوشش رہی جمہوریت پھلے پھولے، پاکستان عالمی منظر نامے میں فعال کردار ادا کرتا رہے، چیئرمین پیپلز پارٹی کا تعزیتی پیغام

ہفتہ 11 جولائی 2015 18:13

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جولائی۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سردار محمد عبدالقیوم خان ایک انتہائی متحرک ،ہمہ گیر اور سیاست میں افہام و تفہیم پر یقین رکھنے والی شخصیت تھے جن کا خلاء مدتوں پورا نہیں کیا جا سکتا ۔آزادجموں وکشمیر کے سابق صدر و وزیرا عظم ،تحریک آزادی کشمیر کے روح رواں اور عظیم کشمیر ی قائد کی وفات پر تعزیتی پیغام میں چیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کا شمار تحریک آزادی کشمیر کے بانیوں میں ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ کشمیروں کے ایک عظیم رہنماء اور الحاق پاکستان کے داعی تھے ۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کی سیاست میں بھی ایک متحرک اور فعال کردار ادا کیا ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ سردار عبدالقیوم خان نے پاکستان میں سیاسی جماعتوں اور حکومت کے درمیان متعدد بار مفاہمت اور مصالحت کے لیے کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب شہید ذوالفقار علی بھٹو نے سردار عبدالقیوم خان سے رابطہ کر کے انہیں مصالحتی کردار سونپا تو سردار صاحب نے پاکستان کی سلامتی ،استحکام اور جمہوری اداروں کی بقاء کے لیے قومی اتحاد کے رہنماوں کو مصالحت پر آمادہ کیا ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کی وفات سے کشمیر اور پاکستان ایک مجاہد آزادی اور محب وطن رہنماء سے محروم ہو گیا جن کا خلاء مدتوں پورا نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ مرحوم رہنماء کی ہمیشہ یہ کوشش رہی کہ جمہوریت پھلے پھولے اور پاکستان عالمی منظر نامے میں اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے ۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے ان کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔