مسئلہ کشمیر خطے میں کشیدگی کا بنیادی سبب ہے ، مسئلہ کشمیرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کے لئے اسے بین الاقوامی فورم پر اٹھانے کی ضرورت ہے،کشمیری رہنماوں کا ردعمل

منگل 14 جولائی 2015 15:53

اسلام آباد ۔ 14 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جولائی۔2015ء) مسئلہ کشمیر کو خطے میں کشیدگی کا بنیادی سبب قرار دیتے ہوئے کشمیری رہنماؤں نے اس مسئلے کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کے لئے اسے بین الاقوامی فورم پر اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ گزشتہ روز مشیر خارجہ کے بیان پر اپنے ردعمل میں سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لئے آواز اٹھائی ہے۔

پاکستانی حکومت و عوام ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ رہے تاہم سرتاج عزیز کے بیان کو سراہتے ہیں جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر ہندوستان سے مذاکرات نہیں کرے گا، پاکستان بھارت ہمسایہ ممالک ہیں اور وہ بات چیت کے ذریعے اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنا سکتے ہیں، کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اور یہ حق ملنے تک ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ کشمیر کے مسئلے کے حل تک جنوبی ایشیاء میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ حریت رہنما جاوید میر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاک بھارت مذاکرات مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر مثبت سمت گامزن نہیں ہو سکتے۔ مشیر خارجہ کے بیان نے کشمیر کی عوام کو نیا عزم دیا ہے جو حق خودارادیت کے لئے جدوجہد کر رہی ہے، وزیراعظم نواز شریف نے اس مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھایا ہے جو اس مسئلے پر پاکستان کی سنجیدگی ظاہر کرتا ہے۔

حریت کانفرنس کے رہنما انجم زمرد حبیب نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں امن لا سکتا ہے، کشمیری عوام اس مسئلے کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتی ہے۔ کشمیر ایک اہم مسئلہ ہے جو پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی اصل وجہ ہے۔ پاکستان اور بھارت کے وزراء اعظم کی ملاقات ایک مثبت قدم ہے۔ کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق اس مسئلے کو حل کیا جانا چاہیے۔

سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر پرویز اقبال نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے، کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہو جاتا پاک بھارت تعلقات میں بہتری نہیں آ سکتی۔ بھارت اقوام متحدہ قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، بین الاقوامی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ کشمیر کی عوام کو ان کا حق دے۔