مقبوضہ کشمیر میں چلنے والی تحریک اب ختم نہیں ہو گی،بیرسٹرسلطان محمود چوہدری

جب تک کہ مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہوتا اور کشمیری عوام کو حق خود ارادیت نہیں ملتا، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

منگل 28 جولائی 2015 19:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جولائی۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں چلنے والی تحریک اب ختم نہیں ہو گی جب تک کہ مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہوتا اور کشمیری عوام کو حق خود ارادیت نہیں ملتا۔ اسلئے انٹرنیشنل کمیونٹی مقبوضہ کشمیر میں چلنے والی جمہوری تحریک اور ہماری سفارتی کوششوں کی حمایت کرے ورنہ وہاں مسلح جدوجہد دوبارہ شروع ہو سکتی ہے اور نائن الیون کے بعد کشمیریوں نے بندوق نیچے رکھ دی تھی جبکہ آزادی کی تحریکوں کو بھی اس وقت دہشت گردی کی تحریکوں سے منسلک کیا جارہا تھا۔

لہذا امریکہ جہاں دنیا کے دیگر معاملات حل کرنے کی کوششیں کررہا ہے جو لائق تحسین ہے اور امریکہ نے اپنے مخالفین کیوبا اور ایران کے ساتھ دوبارہ دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے اور ایران پر اقتصادی پابندیاں ختم کی ہیں وہیں امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھی اپنی کوششیں کرے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اپنی رہائشگاہ پر امریکن ایمبیسی کی فرسٹ سیکریٹری ایریل والز(April Walls) سے ایک گھنٹے کی تفصیلی ملاقات میں کیا۔

بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پاک، بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جوکہ پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے اور عالمی برادری کو اس بات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے کیونکہ بھارت نہ تو کبھی مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے سنجیدہ ہوا ہے اور نہ ہی مخلص ہوا ہے ۔ لہذا امریکہ جنوبی ایشیاء میں امن کے لئے اپنی کوششیں تیز کرے اورمسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔