بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں یوم آزادی کی تقریبات کے انعقاد کا کوئی حق نہیں ،آسیہ اندرابی

جمعرات 13 اگست 2015 14:58

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں اپنے یوم آزادی کی تقریبات کے انعقاد کا کوئی حق نہیں رکھتا کیونکہ اس نے جموں وکشمیر پر کشمیریوں کی مرضی کیخلاف محض طاقت کے بل پر قبضہ جما رکھا ہے۔

(جاری ہے)

آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ مقبوضہ علاقے میں سرکاری ملازمین،اساتذہ اور طلبہ کو بھارتی یوم آزادی کی تقریبات میں زبردستی حصہ لینے کیلئے مجبور کر رہی ہے اور اس حوالے سے دھونس اوردباو سے کام لیا جا رہا ہے جو انتہائی افسوس ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک طرف اپنا یوم آزادی منا رہا ہے اور دوسری اس نے کشمیریوں کے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کو گزشتہ 67برس سے دبارکھا ہے ۔ آسیہ اندرابی نے کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے نجات کے لیے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ قربانیوں کو یہ سفر شہداء کے مقدس مشن کی تکمیل تک ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔