بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی ہیں‘سردار عابد حسین عابد

15 اگست 1947 کو کشمیری عوام نے سیاسی ٹیکری کے مقام سے بھارت کے جابرانہ قبضے کے خلاف علم بغاوت بلند کیا تھا‘وزیراطلاعات

اتوار 16 اگست 2015 12:02

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اگست۔2015ء ) آزادکشمیر کے وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد نے کہا ہے کہ 15 اگست 1947 کو کشمیری عوام نے سیاسی ٹیکری کے مقام سے بھارت کے جابرانہ قبضے کے خلاف علم بغاوت بلند کیا تھا اور یہی سے بھارتی فوج کے خلاف جہاد کا اعلان کیا گیا تھا اور لوگوں نے اپنی آزادی کے لیے جدوجہد شروع کی تھی ۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار یادگار شہداء سیاسی ٹیکری کے مقام پر بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منانے کے حوالے سے ایک احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔

اس موقع پر سابق صدر آزادجموں وکشمیرجنرل (ر) سردار محمد انور خان ،بریگیڈئر (ر )زرین خان ،گرلز ایماپئر کے زرین خان ،عبدالخالق ایڈوکیٹ ،سردار صادق خان ،ریٹائرڈ فوجی افسران ،سول سوسائیٹی کے ارکان ،اور زندگی کے مختلف طبقون سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب میں وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد نے کہا کہ بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منا کر آج کشمیری عوام پوری دنیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ اور جابرانہ قبضے سے بازرکھے ۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیری عوام سے حق خود ارادیت کا وعدہ کر رکھا ہے مگر اتنا عرصہ گزرنے کے باوجود عالمی ادارہ کشمیری عوام کو ان کا جائز حق خود اردیت نہیں دے سکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی ہیں اور وہ کشمیری عوام کو ان کے جائز سیاسی اور مذہبی حقوق سے بھی محروم کرتا چلا آ رہا ہے ۔

انہوں نے اس موقع پر سمجھوتہ ایکسپریس کے مجرم کی ضمانت پر انتہائی افسو س کا اظہار کرتے ہوے اسے بھارت کے عدالتی اور جمہوری نظام پر ایک بدنما داغ قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں رہنے والے کشمیریوں نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ کشمیری کسی بھی صورت میں بھارت کے ساتھ نہیں رہیں گے اور وہ دن دور نہیں جب پوری ریاست آزاد ہو کر اپنا الحاق پاکستان کے ساتھ کرے گی ۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کس قدر حسن اتفاق ہے کہ 15 اگست 1947 کو اسی مقام سیاسی ٹیکری سے ڈوگرہ فوج کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا گیا تھا اور کشمیریوں نے بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف یہی سے تحریک آزادی کا اعلان کیا تھا اور مسلح جدوجہد شروع کی گئی تھی ۔انہوں نے کہا کہ آج یادگار شہداء پر جمع ہو کر ہم انہی بزرگوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں جنہوں نے اس حصے کو آزاد کرایا اور یہ پیغام دیا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک یہ جدوجہد جاری رہے گی جس کی منزل پوری ریاست کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہونا ہے ۔اس موقع پر مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری بھارت سے آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے رہیں گے ۔

متعلقہ عنوان :