پاکستان کی کوئی حکومت مسئلہ کشمیر کو نظر انداز نہیں کرسکتی ،راجہ فاروق حیدر

بدھ 26 اگست 2015 17:04

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے صدر اور سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی کوئی حکومت مسئلہ کشمیر کو نظر انداز نہیں کرسکتی کشمیریوں کے درمیان فاصل کم کرنے کیلئے آرپار کے طلباء کو یونیورسٹیز میں داخلے دینے چائیں تاکہ ہم ایک دوسرے کو سمجھ سکیں خصوصاً صحافیوں کے درمیان مضبوط رابطوں کی بے حد ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر چوہدری منظوراحمد کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے صحافیوں کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں چوہدری منظور ، شجاعت بخاری چوہدری احسن منظور ، فاورق قادری ، شوکت گنائی ایڈوکیٹ، شہزاد لولابی اور اقبال میر نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

فاروق حید ر نے کہا کہ کشمیر یوں کو کسی صورت مایوس اور ناامید نہیں ہونا چاہیے۔

کشمیر کے حوالہ سے آزاد خط کے عوام اور مظفرآباد کا اہم کردار ہے۔ ہمیں باہمی رابطوں کو مضبوط بنانا ہوگا۔ اسکے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ کشمیری و دیگر زبانوں کو بھی زندہ رکھنے کیلے کوششیں کرنا ہونگی کشمیر کی اپنی تہذیب و ثقافت ہے۔ جبکہ کشمیر کے حوالہ سے حکومت پاکستان کا ہمیشہ دوٹوک اور واضح موقف رہا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی بات کی بیرونی سازشوں کے باوجود کشمیری آزادی لیکر رہیں گے۔ منزل دو ر ضرور ہے مگر ہم ایسے حاصل کریں گے۔