المحمدیہ سٹوڈنٹس کاکشمیری طلبا پر بھارتی تشدد اور ان سے اظہار یکجہتی کے لئے زبردست احتجاجی مظاہرہ ‘بھارتی پر چم نظر آتش

مقبوضہ کشمیر میں گائے کی قربانی پر پابندی اور سرگرم کشمیریوں کی ٹارگٹ کلنگ کی بھی شدید مذمت

بدھ 16 ستمبر 2015 21:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 ستمبر۔2015ء) المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے زیر اہتمام کشمیری طلبا پر بھارتی تشدد اور ان سے اظہار یکجہتی کے لئے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس میں شہر بھر کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبا نے شرکت کی۔پریس کلب کے باہر ہونیو الے مظاہرہ میں مقبوضہ کشمیر میں گائے کی قربانی پر پابندی اور سرگرم کشمیریوں کی ٹارگٹ کلنگ کی بھی شدید مذمت کی گئی۔

طلبا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالہ سے تحریریں درج تھیں۔شرکاء کی جانب سے بھارت کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی اور بھارتی ترنگا نذر آتش کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ سے المحمدیہ سٹوڈنٹس کے مرکزی رہنما ثاقب مجید، وقار عظیم، سہیل بشیر، احمد قیوم، محمد عمر و دیگر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

المحمدیہ سٹوڈنٹس کے مرکزی رہنما ثاقب مجیدنے اپنے خطاب میں کہاکہ کشمیری طلبا کی طرف سے پاکستان کا پرچم لہرایا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیری مسلمان کسی صورت بھارت کے ساتھ رہنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

انڈیا کی طرف سے منعقد کردہ میراتھن ریس میں پاکستان کے حق میں نعرے بازی طلبا کی پاکستان سے والہانہ محبت کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں گائے کی قربانی پر پابندی ہندو انتہا پسندی کا مظہر ہے۔عالمی طاقتوں کو اس بات پر توجہ دینی چاہئے کہ بھارت کشمیریوں کی ہر طرح کی آذاد ی سلب کررہا ہے۔ ماہنامہ مجلہ اخبار طلبا کے مدیر وقار عظیم نے کہا کہ یونیورسٹی کے طلبا کا پاکستان کے حق میں نکلنا بھارت کو آئینہ دکھانے کے لئے کافی ہے۔

یونیورسٹیوں کے طلبا کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں۔ چنانچہ ان کی طرف سے ایسا اقدام یقینا دنیا کی آنکھیں کھول دینے کے لئے کافی ہے۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس یو ای ٹی کے مسؤل سہیل بشیرنے کہا کہ بھارت 70سال سے کشمیریوں پر ظلم و ستم ڈھا رہا ہے لیکن اب یہ دور ختم ہونے کو ہے۔آزادی کا سورج اب کشمیریوں کے لئے طلوع ہو کر رہے گا۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس پنجاب یونیورسٹی کے مسؤل احمد قیوم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں جاری جارحیت کا اقوام متحدہ نوٹس لے اور کشمیریوں کا ان کا حق خود ارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

مظاہرہ سے المحمدیہ سٹوڈنٹس لاہور کے رہنما عمر فاروق و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہم کشمیری طلبا کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے اور اقوام متحدہ اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرے۔ مظاہرین نے اس موقع پر بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔طلبا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری طلبا کی حمایت اور بھارت کے خلاف جملے درج تھے۔ شرکاء کی جانب سے مظلوم کشمیریوں کی ہرممکن مددو حمایت کا عزم کیا گیا۔