مقبوضہ کشمیر، نماز عید کے اجتماعات کے بعد کشمیریوں کے بھارت کے خلاف مظاہرے،پاکستان کا قومی پرچم پھر لہرا دیا

اتوار 27 ستمبر 2015 15:24

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 ستمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر کے عوام نے نماز عید کے اجتماعات کے بعد قابض افواج کی طرف سے بھرپور سیکیورٹی کے باوجود بھارت کے خلاف مظاہرے کئے۔ جمعہ کو سری نگر، اسلام آباد، سوپور، کشتواڑ، لولاب ، سوگام، بارہ مولہ، پٹن، بڈگام، شوپیاں اوردیگرعلاقوں میں نماز عید کے اجتماعات کے فوری بعد بھارت کے خلاف مظاہرے کئے اور بھارت کے خلاف اور پاکستان کے حق میں زبردست نعرہ بازی کی جبکہ سری نگر، اسلام آباد اور سوپور سمیت کئی شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں پاکستان کا قومی پرچم لہرایا گیا ۔

مظاہرین نے بھارتی افواج سے مقبوضہ کشمیر سے نکلنے کا مطالبہ کیا۔ بھارتی پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے پھینکے اور لاٹھی چارج کیا جس سے کئی مظاہرین شدید زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

کشتواڑ میں نماز عید کے اجتماع کے بعد شہریوں نے ایک ریلی نکالی، پاکستان کے حق میں نعرے لگائے اور پاکستان کا قومی پرچم لہرایا۔ بھارتی حکام نے سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق، یاسین ملک، شبیراحمد شاہ، محمد اشرف صحرائی، نعیم احمد خان، ظفراکبر بٹ اور شوکت احمد بخشی سمیت کئی رہنماؤں کو نظر بند اورئکئی کو پولیس سٹیشنوں میں بند کردیا ہے۔ یہ اقدام انہیں نماز عید کی ادائیگی اورعوامی اجتماعات میں شرکت سے روکنے کیلئے کیا گیا ۔