25 اکتوبر کو اقوام متحدہ کے سامنے ملین مارچ سے مسئلہ کشمیر ایک دفعہ پھر عالمی سطح پر فلیش پوائنٹ بن جائے گا ،بیرسٹرسلطان محمود

مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کرنا کسی کے بس کی بات نہیں ہے، دنیا بھر میں مقیم کشمیر و پاکستانی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ملین مارچ کو کامیاب بنائیں، لارڈ نذیر احمد

جمعرات 8 اکتوبر 2015 17:44

رادھرم، اولڈھم( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے تاحیات رکن لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ 25 اکتوبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے ہونے والے ملین مارچ سے مسئلہ کشمیر ایک دفعہ پھر عالمی سطح پر فلیش پوائنٹ بن جائے گا کیونکہ جس طرح کچھ عرصہ پہلے مسئلہ کشمیر سرد خانے میں چلا گیا تھا اب عالمی منظر نامے پر پھر نمودار ہو چکاہے لہٰذا اب مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کرنا کسی کے بس کی بات نہیں ہے۔

لہذا دنیا بھر میں مقیم کشمیر و پاکستانی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور بالخصوص 25 اکتوبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے ہونے والے ملین مارچ کو کامیاب بنائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار دونوں رہنماؤں نے آج یہاں رادھرم میں ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔اس موقع پربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ تمام امریکی ، یورپین انسانی حقوق کی تنظیمیں اور دیگر ادارے اس ملین مارچ میں بھرپور شرکت کریں ۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ وہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور پاکستانیوں اور کشمیریوں کے علاوہ دنیا بھر سے انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں اور دیگر بھی ملین مارچ کی کامیابی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ میں پہلے بھی امریکہ جا کر ملین مارچ کی کامیابی کے لئے پاکستانیوں اور کشمیریوں سے شرکت کی اپیل کر چکا ہوں اور اب دوبارہ جا کر بھی اس سلسلے میں اپیل کرونگا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری بھی آئندہ چند روز میں امریکہ روانہ ہو رہے ہیں اور وہ ملین مارچ کو کامیاب بنانے کے لئے اپنی کوششیں کریں گے۔دریں اثناء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اولڈھم میں کشمیر پی ٹی آئی کے رہنماء چوہدری سردار کی رہائشگاہ پر اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں برطانیہ کے پاکستانیوں اور کشمیریوں کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے پچھلے سال لندن میں ملین مارچ کو کامیاب بنا کر ایک نئی تاریخ رقم کی اور اب25 اکتوبر کو امریکہ میں آباد کشمیری اور پاکستانی نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے جو کہ زیادہ اہم جگہ ہے پر ملین مارچ میں شرکت کرکے اقوام عالم سے یہ مطالبہ کریں گے کہ اقوام متحدہ کی کشمیر پر قراردادوں پر عملدرآمد کیا جائے اور مقبوضہ کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارتی افواج کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالی کو رکوایا جائے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مودی کا اپنا ایک انتہاء پسندانہ مائنڈ سیٹ ہے اور وہ پاکستان پر زبردستی جنگ ٹھونسنا چاہتا ہے۔ لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی دو ایٹمی طاقتوں کو انکے حال پر تنہا نہ چھوڑے کیونکہ کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ بن سکتا ہے جو پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔اس موقع پر استقبالیہ تقریب میں چوہدری سردار کے علاوہ ، ضیاء گورسی، چوہدری یسین، چوہدری عمران، چوہدری پرویز رشید، چوہدری جاوید، ، چوہدری شبیر اور دیگر نے بھی شرکت کی۔