مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کیخلاف 27 اکتوبر کو بلیک ڈے کے طور پر بھر پور طریقے سے منایا جائیگا،چوہدری محمد برجیس طاہر

دُنیا کو مسئلہ کشمیر کے پرُ امن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،خطاب

بدھ 14 اکتوبر 2015 20:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اکتوبر۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا پرُ امن حل چاہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے بھارت کی ہٹ دھرمی اور لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے باوجود اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران اس کے پرُامن حل کے لیے ایک فارمولا پیش کیا لیکن افسوس اس امر کا ہے کہ بھارت پاکستان کے امن کے لیے مخلصانہ کوششوں کے باوجود ہٹ دھرمی پر قائم ہے ۔

اُنہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں 27 اکتوبرکو سیاہ دن منانے کے حوالے سے تیاریوں کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلا س میں وزارت اُمورکشمیر و گلگت بلتستان ،وزارت خارجہ وزارت اطلاعات،پیمرا،پی ٹی وی ،ریڈیو پاکستان سمیت پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور چاروں صوبوں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے اجلاس میں شریک افسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب پر لازم ہے کہ 27اکتوبر کی بلیک ڈے کے حوالے سے تشہر کے لیے بھر پور تیاری کی جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ ایسے ٹھوس اقدامات کیے جائیں جس سے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر بھر پور طریقے سے اُجاگر ہو اوردُنیا کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و ستم کو بہتر طریقے سے جان سکے۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجتی کے لیے اس دن کو بھر پور طور پر منانے کے لیے اقدامات کریں گے۔

وفاقی وزیر نے خصوصی ہدایت جاری کی کہ اگر کسی جگہ کوئی کمی پیشی ہے تو اس کو باہمی تعاون سے پورا کیا جائے۔اجلاس کے شرکاء نے اپنے اپنے اداروں کی طرف سے کی جانے والی تیاریوں سے وفاقی وزیر کو مطلع کیا اور بتایا کہ 27 اکتوبر کے ضمن میں وفاقی درالحکومت ،صوبائی درالحکومتوں اور آزادکشمیر سمیت پورے ملک میں احتجاجی ریلیاں اور جلسے منعقد کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے دُنیا کو آگاہ کرنے کے لیے تصویری نمائشوں ،مظاہروں اور ٹاک شوزکا اہتمام بھی کیا جائے گااور اس کے علاوہ بھارتی مظالم کو اُجاگر کرنے کے لیے پورے ملک کی سڑکوں اور چوراہوں پر احتجاجی بینرزاور بورڈ ز آویزاں کیے جائیں گے۔وفاقی وزیر نے اجلاس کی جانب سے دی گئی تفصیلات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سلسلے میں کوئی کسراٹھا نہ رکھی جائے۔