یوتھ فورم فار کشمیر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ممبران کو مقبوضہ کشمیر پر سے غاصبانہ بھارتی قبضے کو ختم کروانے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کیلئے یاداشت پیش کی

منگل 27 اکتوبر 2015 20:02

اسلام آباد ۔27 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اکتوبر۔2015ء بین الاقوامی لابنگ گروپ یوتھ فورم فار کشمیر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل اور دس غیر مستقل ممبران کو مقبوضہ کشمیر پر سے غاصبانہ بھارتی قبضے کو ختم کروانے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کیلئے یاداشت پیش کی۔ یاداشت کشمیر پر بھارتی لشکر کشی اور غاصبانہ قبضے کے68 ویں یوم سیاہ کے موقع پر کی گئی۔

یاداشت میں کہا گیا ہے کہ زمینی حقائق کے مطابق مقبوضہ کشمیر پر قابض افواج کی ریاستی دہشتگردی سے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا بحران دن بدن سنگین ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے مسئلہ کشمیر کی متنازع حیثیت سیاسی کے ساتھ اب انسانی بھی ہوگئی ہے لہٰذا انسانیت کی معروضی تقاضے پورے کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل مقبوضی کشیر پر سے جلد از جلد غاصبانہ بھارتی قبضہ ختم کروانے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے موثر اور فیصلہ کن مداخلت کرے۔

(جاری ہے)

یوتھ فورم فار کشمیر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد قریشی نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں مسئلہ کشمیر سے متعلق پریس بریفنگ کے دوران یاداشت حاضرین کو پڑھ کو سنائی اور سلامتی کونسل کے علاوہ دنیا بھر کے بین الحکومتی تنظیموں،انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں،آزاد ممالک کے سفیروں اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کو مسئلہ کشمیر پر یاداشت پیش کرنے کی مہم کا حصہ بننے کی ترغیب دلائی۔

تقریب میں شریک ملکی اور عالمی میڈیا کے صحافیوں کو خصوصی طور پر مخاطب کرتے ہوئے احمد قریشی نے کہا کہ ”جنوبی ایشیاء میں مستقل امن و استحکام مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے سد باب سے مشروط ہے لہٰذا عالمی برادری پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر پر سے غاصبانہ بھارتی قبضہ ختم کروانے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کے لئے ٹھوس مداخلت کرتے ہوئے بھارت پر ہر ممکن دباؤ ڈالے“۔

احمد قریشی نے مزید کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے سرگرم کارکنان کا مشن اب پہلے سے زیادہ امید افزاء ہوچکا ہے اور کشمیر کی آزادی کے امکانات دن بدن قوی ہوتے جارہے ہیں لہٰذا یہ بھارت پر منحصر ہے کہ وہ انسانیت اور اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے رضاکارانہ طور پر کشمیر پر سے اپنا غاصبانہ قبضہ ختم کرتا ہے یا کشمیریوں کی تحریک آزادی کے سامنے ہتھیار ڈال کر مقبوضہ کشمیر کو آزاد کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک میں بھارت کو اہم حیثیت نہ ملنے میں بڑی رکاوٹ بھارت کی مسئلہ کشمیر سے متعلق بے جا ہٹ دھرمی ہے کیونکہ جنوبی ایشیائی ممالک بھارت کے کردار کو تب ہی تسلیم کریں گے جب بھارت خطے میں اعتماد سازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر سے اپنا توسیع پسندانہ اور غاصبانہ قبضہ ختم کرے گا۔ یوتھ فورم فار کشمیر،نوجوان کشمیریوں اور پاکستانیوں پر مشتمل ایک ریجسٹرڈ اور غیر جانبدار انٹرنیشنل لابنگ گروپ ہے جو بھارتی فوجی قبضے میں کشمیریوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔