جمہوریت کا سب سے بڑا دعویدار بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، محمد یاسین عطائی

ہفتہ 14 نومبر 2015 12:26

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 نومبر۔2015ء) حریت رہنماء محمد یاسین عطائی نے کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں نہتے شہریوں پر بڑھتے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔ محمد یاسین عطائی نے جامع مسجد چاڑورہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ایک طرف دنیا کا سب سے بڑا جموری ملک ہونے کا دعویدار ہے لیکن دوسری طرف سے وہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر مظالم میں یہاں کی بھارت نواز جماعتیں برابر کی ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مفتی سعید نے محض اپنی کرسی کی خاطر بھارتی حکومت کے آگے مکمل طور پر سرینڈر کر لیا ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کو مکمل طور پر ایک فوجی چھاؤنی میں بدل دیا گیا ہے اور کشمیریوں کے اظہار رائے کی آزادی کے حق کو قطعی طور پر سلب کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خودرادیت کے لیے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ اپنی جدوجہد مقصد کے حصول تک ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔ محمد یاسین عطائی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیاں رکوانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ انہوں نے علاقے میں بھارت مخالف احتجاجی ریلی کی بھی قیادت کی ۔ ریلی کے شرکا نے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔