مودی کے دورہ برطانیہ کے دوران عالمی ضمیر کوجھنجوڑ کر رکھ دیا ،انٹرنیشنل کمیونٹی مسئلہ کشمیر کو بہتر طور پر سمجھنے لگی ہے،،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

پیر 16 نومبر 2015 20:21

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 نومبر۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے مودی کے دورہء برطانیہ کے دوران عالمی ضمیر کوجھنجوڑ کر رکھ دیا ہے اور انٹرنیشنل کمیونٹی مسئلہ کشمیر کو نہ صرف اب بہتر طور پر سمجھنے لگی ہے بلکہ اسکے حل کے لئے بھی کوشاں ہے لہذا اب ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ پچھلے سال ٹرائفلگر اسکوائر میں لندن ملین مارچ کے شروع ہونے والے تسلسل کو جاری رکھا جائے۔

اگرچہ اب میں زیادہ وقت آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کو آرگنائز کرنے اور انتخابات کی تیاریوں میں مصروف رہونگا کیونکہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کے ساتھ ساتھ میں آزاد کشمیر سے کرپشن اور تعصب کی سیاست کا خاتمے کے لئے بھی کوششیں کرونگا تاکہ آزاد کشمیر کو صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنایا جائے۔

(جاری ہے)

کشمیر پی ٹی آئی اس وقت آزاد کشمیر کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں لندن میں وطن روانگی سے قبل ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ گذشتہ سال لندن ملین مارچ سے کشمیری ایک جھنڈے، ایک نعرے اور ایک جدوجہد پر متحد ہو چکے ہیں اور یہ اسی اتحاد کا ہی نتیجہ ہے کہ بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں ہمیں مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے قریب سے قریب تر کررہی ہیں۔

اس سے مسئلہ کشمیر میں ایک نئی روح پھونکی گئی ہے اور بھارت دفاعی پوزیشن پر چلا گیا ہے۔ مودی کا دورہء برطانیہ اگرچہ بڑی اہمیت کا حامل تھا کہ برطانیہ بھارت کے ساتھ بڑے بڑے معاہدے کرے گا لیکن ہمارے احتجاج کے باعث بھارت کی کوششوں پر پانی پھر گیا اور برطانوی نشریاتی اداروں بی بی سی، چینل فور، سکائی نیوز اور دیگر نے مودی کے دورے کی خبریں کم کرکے ہمارے احتجاجی مظاہروں کی خبریں زیادہ دیں۔

جس سے میرا احتجاج سود مند ثابت ہوا۔ لہذا اب اوورسیئز کشمیریوں کی یہ زیادہ ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی کوششوں کو جاری رکھیں اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ برطانیہ کے کشمیریوں نے تحریک آزاد کشمیر کے لئے ہر موقع پر اپنا کردار ادا کیا ہے اور اب یہاں برطانیہ آمد پر مودی کو ننگا کر دیا ہے اور مودی آج یہاں برطانیہ میں منہ چھپاتا پھر رہا ہے۔

مودی کے انتہاء پسندانہ اور رجعت پسندانہ رویے کی وجہ سے بھارت کے سیکولر ازم کا شیرازہ اب بکھر رہا ہے اور بھارت کے لبرل ہندؤوں نے بھی اب سرکاری اعزازات واپس کرنا شروع کر دئیے ہیں۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ اپنی جدوجہد میں تنہاء نہیں ہیں اوربھارت اب زیادہ دیر مقبوضہ کشمیر پر قابض نہیں رہ سکتا ہے۔اس موقع پر پریس کانفرنس میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ہمراہ چوہدری ماجد اسماعیل، چوہدری شعبان، چوہدری حکمداد، چوہدری دلپذیر، چوہدری اﷲ دتہ، شیخ مقصود، یوسف بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔