پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ،وفاق کی علامت ہے ،شوکت علی ایڈووکیٹ

مخالفین دراصل جمہوریت ،غریب عوام کے مخالف ہیں جنہیں صرف اپنی تجوریاں بھر نے سے غرض ہے ملک و ملت کی فکر نہیں ، رہنماء پیپلز پارٹی آزاد کشمیر

پیر 23 نومبر 2015 17:25

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 نومبر۔2015ء) مشیر حکومت و پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل راجہ شوکت علی خان ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی جماعت اور وفاق کی علامت ہے پیپلز پارٹی کی قیادت غریب عوام کے ساتھ ملکر وطن عزیز کو بھر پور ایٹمی قوت اور میزائل ٹیکنالوجی سے مالا مال کیا جس کے باعث آج ہمارا دفاع مضبوط سے مضبوط ہو گیا ہے ۔

پیپلز پارٹی کے مخالفین دراصل جمہوریت اور غریب عوام کے مخالف ہیں ۔ جھنیں صرف اپنی تجوریاں بھر نے سے غرض ہے ملک و ملت کی انھیں کوئی فکر نہیں ہے ۔ان خیالات کااظہارانھوں نے یہاں پارٹی کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی جانوں کا نذرانے پیش کر دئیے لیکن عوام کے حقوق پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی سربراہی میں تعمیر و ترقی کے جو مثالی منصوبہ جات شروع ہوئے ان کی مثال گزشتہ 60 سالوں میں نہیں ملتی ۔ انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں مثالی تعمیر و ترقی سے پیپلز پارٹی کے مخالفین کے پیٹ میں مروڑ پڑ رہے ہیں ۔ انھیں عوام کی خوشحالی اور خطہ کی ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ مشیر حکومت نے کہا کہ جب الیکشن ہو گا تو تمام فصلی بیٹرے بھاگ جائیں گے پیپلز پارٹی قربانیاں دینے والی جماعت ہے جو انشاء اﷲ 2016 کے الیکشن میں بھی کامیاب ہو کر پھر حکومت بنائے گی ۔