بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے امید ہے اس سے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعطل کا شکار مذاکرات کے عمل کی دوبارہ بحالی اور وادی میں موجود صورتحال میں بہتری آئے گی

مقبوضہ کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیراعلی عمر عبداللہ کی صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 5 دسمبر 2015 16:19

سرینگر/ نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 دسمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیراعلی عمر عبداللہ نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعطل کا شکار مذاکرات کے عمل کی بحالی اور وادی میں موجود صورتحال میں بہتری آئے گی ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو بھارتی میڈیا کے مطابق عمر عبداللہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیا اور کہاکہ امید ہے کہ اس سے دوطرفہ مذاکرات کے عمل کی بحالی اور وادی میں صورتحال میں بہتری آئے گی ۔

خاص طور پر جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا ماحول ہو ہم امید کرتے ہیں کہ جنگ بندی کی اطاعت کی جائے گی اور مذاکرات کا عمل ایک بار پھر سے شروع ہوگا۔واضح رہے کہ پاک بھارت وزرائے اعظم کے درمیان پیرس میں ہونے والی ملاقات کے بعد بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج 8 دسمبر کو پاکستان کا دورہ کریں گی جہاں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت اور وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات بھی کریں گی ۔