خیبر پختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، بالائی پنجاب ، گلگت بلتستان، کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان

پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور اور سکھر ڈویژن میں رات اور صبح کے وقت شدید دھند چھائے رہنے کی پیش گوئی

جمعرات 10 دسمبر 2015 22:26

اسلام آباد ۔ 10 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 دسمبر۔2015ء) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا ڈویژن)، گلگت بلتستان، کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برف باری جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور اور سکھر ڈویژن میں رات اور صبح کے وقت شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

دھند کا یہ سلسلہ اگلے تین سے چار ہفتے تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں جبکہ کشمیر، بالائی فاٹا، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، کوئٹہ ڈویژن اور اسلام آباد میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش دیر میں 36 ملی میٹر جبکہ لوئر دیر 30، کالام 29، سیدو شریف 27، راولاکوٹ 26، مالم جبہ 23، پاراچنار 21، چراٹ 18، چترال 17، دروش 16، بنوں 14، مری 13، بالاکوٹ، میرکھانی 10، پٹن، گڑھی دوپٹہ 08، استور، مظفرآباد 07، رسالپور، راولپنڈی06، کوٹلی05، پشاور(سٹی05، ائیرپورٹ02)، لاہور (ائیر پورٹ) کاکول 04، اسلام آباد 03، ڈی آئی خان، گوجرانوالہ، منگلہ اور کوئٹہ میں ایک ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ کالام میں 7 انچ، استور 3 اور چترال میں ایک انچ برف باری ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود اور چند مقامات پر بارش/برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ جمعرات کو ملک میں ریکارڈ کئے گئے کم سے کم درجہ حرارت قلات منفی 09، کوئٹہ منفی 05، پاراچنار منفی 03، گوپس اور دالبندین میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔