مودی کا دورہ پاکستان درست سمت میں اچھا قدم ہے ، دونوں ممالک کے درمیان برف پگھلنے میں مدد ملے گی،مفتی سعید

بھارتی وزیراعظم کے دورے پر پاکستان کی حزب اختلاف کی جماعتوں کا ردعمل سمجھدارانہ اور معقول ہے ، عمر عبداﷲ

ہفتہ 26 دسمبر 2015 19:58

سرینگر /نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 دسمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر کے کٹھ پتلی وزیراعلی مفتی محمد سعید نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اچانک دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کا دورہ پاکستان درست سمت میں ایک اچھا قدم ہے جس سے دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان برف پگھلنے میں مدد ملے گی ۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے کٹھ پتلی وزیراعلی مفتی محمد سعید نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ پاکستان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ مودی کا اچانک دورہ پاکستان درست سمت میں اچھا قدم ہے اس سے دونوں ممالک کے درمیان برف پگھلنے میں مدد ملے گی۔

ادھر جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداﷲ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ پاکستان پر اْس ملک کی حزب اختلاف جماعتوں کا ردعمل سمجھدارانہ اور معقول ہے۔تاہم انہوں نے ملک کی سیاسی جماعتوں خاص طور پر کانگریس کی جانب سے وزیر اعظم کے اچانک دورہ پاکستان پر اٹھائے گئے سوالات پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔حسب معمول مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے عمر عبداﷲ نے لکھا کہ ’وزیراعظم مودی کے دورہ لاہور پر پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سمجھدارانہ اور معقول ردعمل کا اظہارکیاگیا۔