آزادکشمیر کے انتخابات میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی،سردار عابد حسین

پیپلز پارٹی حکومت عوامی حقوق کی ترجمان ہے ،عوامی حقوق پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے، وفاقی وزراء انتخابات سے قبل آزادکشمیر کے پرامن ماحول کو خراب نہ کریں، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

پیر 1 فروری 2016 17:18

چڑھوئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء) آزادکشمیر کے وزیر اطلاعات سردار عابد حسین نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے عام آمدہ انتخابات میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی پیپلز پارٹی کی حکومت عوامی حقوق کی ترجمان ہے عوامی حقوق پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے وفاقی وزراء انتخابات سے قبل آزادکشمیر کے پرامن ماحول کو خراب نہ کریں ۔

ریاست کے تشخص پر کبھی کمپرو مائز نہیں کریں گے کشمیریوں کا پاکستان سے والہانہ رشتہ کسی جماعت کی وجہ سے نہیں ہے کشمیری پاکستان کو اپنی امیدوں کا محور مرکز سمجھتے ہیں ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کو ریاست جموں و کشمیر کے عوام کا بھرپور مینڈیٹ حاصل ہے ۔وزیر اعظم کی عزت و احترام پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزراء کی اچھل کود سے بیس کیمپ میں منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیپلز پارٹی ورکزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اطلاعات سردار عابد حسین نے کہا کہ چڑہوئی پیپلزپارٹی ورکر کنونشن سے( ن )لیگ کو معلوم ہونا چاہیے کہ نہ صرف حلقہ چڑہوئی بلکہ ضلع کوٹلی سے پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی ۔ ہماری حکومت کی بہتر حکمت عملی کے باعث بڑے بڑے سیاسی برج ڈھیر ہو جائیں گے ۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے اور لوگوں کے دکھ درد کی امین اور حقوق کی محافظ ہے وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی حکومت کے ساڑھے چار سال تاریخی اہمیت کے حامل ہیں جس میں 06 یونیورسٹیاں تین میڈیکل کالج سمیت سینکڑوں سکولوں اور کالجوں کی اپ گریڈ یشن ہوئی۔ علم دشمنوں کو ہماری ایجوکیشن پالیسی سے بھی اختلاف ہے وہ قوم کو جہالت کے اندھیروں میں رکھنا چاہتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی اگلی حکومت بھی ہم بنائینگے اور جئے بھٹو جئے بینظیر کی فضائیں بلند ہونگی ۔