جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کی اسلام آباد میں نام نہاد انتخابات کے بائیکاٹ کی مہم

جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو دوام بخشنے میں مصروف عناصر کو ہرگز ووٹ نہ دیا جائے، بھارت نواز رہنماء کشمیریوں کے قتل عام میں برابر کے شریک ہیں، رہنماؤں کے بیان

ہفتہ 11 جون 2016 13:38

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جون ۔2016ء) جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ضلع اسلام آباد میں ہونیوالے نام نہا د ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کی مہم چلائی۔ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد حلقے میں نام نہادضمنی انتخابات 22جون کو ہونگے ۔ یہ نشست سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعیدکی وفات سے خالی ہوئی تھی۔

جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ پارٹی رہنماؤں نے مختلف علاقوں میں جا کر لوگوں کو فرا ڈ انتخابات میں حصہ لینے سے تحریک آزادی پر پڑنے والے منفی اثرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے لوگوں کو بتایا کہ وہ ان عناصر کو ہرگز ووٹ نہ دیں جو جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو دوام بخشنے میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نواز رہنماء سڑکوں ، بجلی، پانی اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی کے نام پر لوگوں سے ووٹ لیتے ہیں لیکن بعد میں وہ بھارتی مفادات کو تقویت پہنچانے میں محو ہو جاتے ہیں۔جے کے ایل ایف کے رہنماؤں نے کہا کہ بھارت نواز رہنما کشمیریوں کے قتل عام میں برابر کے شریک ہیں۔ اس موقع پر جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کا پیغام بھی لوگوں تک پہنچایا گیا جس میں انہوں نے لوگوں سے فراڈ انتخابات سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔

دریں اثنا جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی پولیس نے پارٹی کے زونل صدر نور محمد کلوال کی گرفتاری کے لیے رات کے وقت انکے گھر پر چھاپہ مارا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران اہلخانہ کو سخت ہراساں کیا گیا ۔ ترجمان نے کہا کہ پولیس نے جے کے ایل ایف کے ضلع بڈگام کے صدر گلزار احمد پہلوان کے گھر پر بھی چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کر لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :