اسلام آباد ، پنجاب ،خیبر پختونخوا اور آزادکشمیر میں بارش سے موسم خو شگوار،گرمی کے ستائے روزہ داروں نے سکھ کا سانس لیا

منگل 21 جون 2016 11:31

اسلام آباد ، پنجاب ،خیبر پختونخوا اور آزادکشمیر میں بارش سے موسم خو ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جون ۔2016ء ) اسلام آباد ، پنجاب ،خیبر پختونخوا اور آزادکشمیر میں بارش سے موسم خو شگوار،گرمی کے ستائے روزہ داروں نے سکھ کا سانس لیا ،محکمہ موسمیات نے اگلے دو سے تین روز کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور فاٹا کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشنگوئی کردی ۔موسم کی تازہ ترین صورت حال کے مطابق کشمیر، گوجرانوالہ ڈویژن میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم جبکہ کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ہزارہ، مالاکنڈ، پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواوٴں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

بنوں، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال، میرپورخاص ڈویژن میں بھی چند مقامات پر تیز ہواوٴں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ آئندہ 48گھنٹوں میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور،سرگودھا،فیصل آباد،ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال ہزارہ،مالاکنڈ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

ملک کے دیگر علاقوں میں موسم بدستور گرم اور خشک رہیگا۔ گزشتہ24گھنٹوں میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواوٴں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ بارش راولپنڈی(چکلالہ33، شمس آباد18)، سیالکوٹ (ائیرپورٹ30،کینٹ10)، چکوال28، جہلم20، مری14، اسلام آباد (بوکرہ14، زیروپوئنٹ12، گولڑہ05، سیدپور03)، گجرات13، منڈی بہاوٴالدین12، منگلا11، سرگودھا10، گوجرانوالہ03، گڑھی دوپٹہ31، راولاکوٹ27، کوٹلی12، دیر18، مالم جبہ10، کاکول، پاراچنار05، بالاکوٹ04، دروش02ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔

گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت میں سکھر، جیکب آباد، سبی49 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دادو، روہڑی، رحیم یار خان 48، بھکر، شہید بینظیرآباد، لاڑکانہ،موہنجوداڑو47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔