آزاد کشمیر کے عوام 21 جولائی کو کرپٹ ، راہزن اور عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا بوریا بستر گول کر دینگے، پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دور میں آزاد کشمیر کے عوام سے احسان فراموشی ، نا انصافی اور وعدہ خلافی کی گئی، جو پیسہ وفاق نے آزاد کشمیر کو دیا اسے ترقی پر خرچ کیا جاتا تو آزادکشمیر دنیا کے نقشے پر رول ماڈل ہوتا، کشمیر میں برسراقتدار لوگوں کے اخلاقی جرائم کی فہرست طویل ہے اور آزاد کشمیر کا چپہ چپہ مجید حکومت کی کرپشن کی داستانیں سنا رہا ہے، آزاد کشمیر میں چوہدری عبدالمجید کی حکومت نے نہ صرف عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی بلکہ تحریک آزادی کشمیر کو بھی نقصان پہنچایا، چوہدری مجید ووٹ مانگنے کی بجائے عوام سے معافی مانگیں اور سیاست چھوڑ دیں ورنہ نوارشریف کے شیر انہیں ہمیشہ ہمیشہ کے آزاد کشمیر کی سیاست میں دفن کر دیں گے

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی کا اسلام گڑھ چکسواری میں مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر کے کارکنوں سے خطاب

پیر 4 جولائی 2016 17:47

چکسواری(اسلام گڑھ) ۔ 04 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 جولائی ۔2016ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام 21 جولائی کو کرپٹ ، راہزن اور عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا بوریا بستر گول کر دینگے۔ پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دور میں آزاد کشمیر کے عوام سے احسان فراموشی ، نا انصافی اور وعدہ خلافی کی گئی ۔

جو پیسہ وفاق نے آزاد کشمیر کو دیا اسے ترقی پر خرچ کیا جاتا تو آزادکشمیر دنیا کے نقشے پر رول ماڈل ہوتا۔ کشمیر میں برسراقتدار لوگوں کے اخلاقی جرائم کی فہرست طویل ہے اور آزاد کشمیر کا چپہ چپہ مجید حکومت کی کرپشن کی داستانیں سنا رہا ہے ۔ آزاد کشمیر میں چوہدری عبدالمجید کی حکومت نے نہ صرف عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی بلکہ تحریک آزادی کشمیر کو بھی نقصان پہنچایا ۔

(جاری ہے)

چوہدری مجید ووٹ مانگنے کی بجائے عوام سے معافی مانگیں اور سیاست چھوڑ دیں ورنہ نوارشریف کے شیر انہیں ہمیشہ ہمیشہ کے آزاد کشمیر کی سیاست میں دفن کرینگے۔ عوام کے دکھوں کا مداوا کرنا مداخلت ہے تو ہم یہ مداخلت بار بار کرینگے۔ بلے اور تیر والے ماضی کا حصہ بن چکے، 21جولائی ان تمام قوتوں کے خلاف یوم بغاوت ہوگا جنہوں نے عوام کو مسائل کے سوا کچھ نہیں دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام گڑھ چکسواری میں مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ کارکنوں کا جوش و خروش دیکھ کر میرے دل سے آواز نکلی ہے کہ آزاد کشمیر میں کرپٹ راہزن اور عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا بوریا بستر گول ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ اعتماد پر دیئے جاتے ہیں لیکن دکھ ہوا کہ آزاد کشمیر کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور یہی وجہ ہے کہ یہاں کے مسائل اور عوامی مشکلات کا جائزہ لینے کیلئے چھ سات ماہ سے یہاں آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں گزشتہ پانچ برس اور اس سے قبل مختلف ادوار میں برسراقتدار لوگوں نے عوام سے احسان فراموشی اور وعدہ خلافی کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح بہبود اور ترقی کیلئے جس قدر پیسہ انہیں ملا اگر وہ صحیح معنوں میں خرچ ہوتا تو آزاد کشمیر دنیا کے نقشے پر رول ماڈل کے طور پر دکھایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا فرض ہے کہ وہ 21جولائی کو ایسے راہزنوں کو مسترد کردیں ۔

انہوں نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں کو 1947ء میں قائد اعظم کی صورت میں ایک لیڈر اور موقع ملا تھا اور انہوں نے درست اور بروقت فیصلہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک موقع21 جولائی کو آزاد کشمیر کے عوام کو ملے گا، یہ فیصلہ آپ کی آئندہ نسلوں تک اثر انداز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ووٹ لیے اور وعدہ خلافی کی، وہ اخلاقی مجرم ہیں اور انکے اخلاقی جرائم کی فہرست طویل ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں چوہدری عبدالمجید کی حکومت نے نہ صرف عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی بلکہ تحریک آزادی کشمیر کو بھی نقصان پہنچایا۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ جس طرح چوہدری عبدالمجید کے بچوں کو اچھے اداروں میں تعلیم اور علاج کا حق ہے اسی طرح کشمیر کے ہر بچے کو یہ حق حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مطمئن ہوتے تو ہمیں یہاں آنے کی ضرورت نہ پڑتی، لوٹ مار کرنے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں اور صرف دو ہفتوں کی مہلت باقی ہے، میں ان سے کہتا ہوں کہ وہ آئیں اور آزاد کشمیر کے عوام سے معافی مانگیں اور سیاست چھوڑدیں ورنہ نواز شریف کے شیر تمہیں ہمیشہ ہمیشہ کے لئے آزاد کشمیر کی سیاست میں دفن کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین منگلا ڈیم نے قربانیاں دیں، سالہا سال سے لوٹ مار کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے جنہوں نے متاثرین کی قربانیوں اور مسائل پر توجہ نہیں دی اور وعدہ خلافی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر حقدار کو اس کا حق ملنا چاہیے اور یہی پیغام لے کر ہم کشمیر آئے ہیں جسے مخالفین مداخلت کہتے ہیں اور اگر لوگوں کے دکھوں کا مداوا مداخلت ہے تو ہم یہ مداخلت بار بار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کا ماضی اور حال آپ کے سامنے ہے اور سب کو آزما چکے ہیں اس لئے کشمیری عوام سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک صاحب پر وزیراعظم بننے کا بھوت سوار ہے، وہ پہلے 6 ماہ کنٹینر پر چڑھے رہے اور اب ڈر ہے کہ کہیں درخت پر نہ چڑھ جائیں۔ ڈاکٹرآصف کرمانی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں انہیں حکومت ملی لیکن انہوں نے وہاں کے عوام کا جو حشر کیا وہ سب کے سامنے ہے۔

ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ بلے اور تیر والے ماضی کا حصہ بن چکے ہیں، 21جولائی ان تمام قوتوں کیلئے یوم بغاوت ہو گا جنہوں نے مسائل کے علاوہ عوام کو کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 2013ء میں برسراقتدار آئی تو 18,18گھنٹے لوڈ شیڈنگ تھی لیکن آج اس میں واضح کمی آ گئی ہے اور نواز شریف کو میں نے دن رات کام کرتے دیکھا ہے، اللہ تعالیٰ نے انہیں کامیاب سرجری کے بعد دوبارہ صحت دی ہے اور وہ پاکستان آنے اور عوام کی خدمت کے لئے بے چین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کا ایک وژن اور ایک خواب ہے، وہ پاکستان کی طرح آزاد کشمیر کو بھی خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذیلی کنبوں کے متاثرین کا مسئلہ ہو یا آزاد کشمیر کے عوام کے دیگر مسائل یہ تمام ہمارے منشور میں شامل ہیں۔ نواز شریف اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں انہوں نے کشمیری بہن بھائیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے دکھ، تکالیف کے مداوے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 21جولائی کی صبح ووٹ ڈالنے جائیں اور شیر کے نشان پر مہر لگا کر آزاد کشمیر کی ترقی کی ضمانت کو یقینی بنائیں۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ سرکاری عہدیدار ریاست کے ملازم ہیں، چوہدری عبدالمجید کے ذاتی ملازم نہیں، ان کی حب الوطنی ریاست اور عوام کے ساتھ ہونی چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکن متحرک رہیں اور ایسے اہلکاروں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں جو کسی کے آلہ کار بن کر انتخابی دھاندلی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نذیر انقلابی ایڈووکیٹ کو نواز شریف نے آپ کی خدمت کے لئے چنا ہے اور انہیں قانون ساز اسمبلی تک پہنچانا آپ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ڈسپلن کی پابندی کرنے والوں کو حکومت سازی کے معاملات میں شامل رکھیں گے۔