مقبوضہ کشمیر، سید علی گیلانی کی طرف سے بھارتی پولیس کی تاناشاہی کی شدید مذمت

بدھ 13 جولائی 2016 16:46

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جولائی ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی پولیس کی تاناشاہی کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں مزار شہداء نقشبند صاحب کی طرف مارچ کے دوران گرفتاری سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بربریت، سفاکیت اور فسطائیت کا یہاں مظاہرہ ہورہا اور بھارتی فورسز اور پولیس اہلکاروں نے کشمیریوں کو رفتہ رفتہ صفحہٴ ہستی سے مٹانے اور یہاں کی زمین پر قبضے کرنے کیلئے کمر باند ھ رکھی ہے ۔

13جولائی کے شہیدوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے اسلام اور قرآن کی بے حُرمتی کیخلاف اپنی زندگیاں قربان کی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے نے عسکری کمانڈر شہید برہان مظفر وانی اور ان کے ساتھیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کے جنازے میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شہید برُہان وانی کے جنازے میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی اور ان کی 40بار نماز جنازہ ادا کیا گیا۔

لوگوں کی کثیر تعداد کی شرکت یہ ایک زندہ علامت ہے اُس کی شہادت کی مقبولیت اور اس سے لوگوں کی محبت کے اظہار کا۔ انہوں نے کہا کہ کمانڈر برہان نے مظلوم قوم کی بھارت کے جبری قبضے سے آزادی کے لیے اپنی جان نچھاور کی اور آج تک جو 6لاکھ انسانی زندگیوں کی قربانیاں دی گئیں ہیں جن سے 6سو کے قریب مزار آباد ہوچکے ہیں اسی مقصد کے لیے دی گئی ہیں۔ سید علی گیلانی نے بھارتی وزیر اعظم کے اُس بیان جس میں انہوں نے شہید برہان وانی اور اس کے ساتھیوں کو ”دہشت گرد“ کہا تھا کو غیر حقیقت پسندانہ اور معتصبانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے قوم کا ہیرو ہے اور اُس نے اپنی زندگی کشمیری قوم اور ان کی آزادی کے لیے قربان کی ہے برابر اسی طرح جس طرح بھارتی عوام نے برطانوی سامراج سے آزادی حاصل کرنے کیلئے اپنی جانیں قربان کی تھیں۔

حریت چیئرمین نے کشمیر میں بڑے پیمانے پر جاری ظلم و تشدد اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں کہاکہ بھارتی فوج اور پولیس اہلکار وں سے ہمیں کوئی گلہ نہیں کیونکہ وہ غیر ملکی ہیں مگر جہاں تک ہماری پولیس کا تعلق ہے انہیں چاہیے کہ وہ اپنے ہی لوگوں کے خلاف برسرِپیکار نہ ہوں، لیکن وہ سب سے زیادہ ظلم و بربریت کا مظاہرہ کرکے انسانیت کو پامال کررہے ہیں ۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ اس وقت اسپتالوں میں 100کے قریب ایسے نوجوان زیرِ علاج ہیں جن کو پیلٹ گنوں کے ذریعے سے شدید زخمی کیاگیا ہے اور انکی بینائی چھین لی گئی ہے ،36نوجوانوں کو شہید کیا گیا ہے اور 2ہزار کے قریب لوگوں کو زخمی کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر پولیس اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئی تو ہم لوگوں کو ان کا سوشل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ اس نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ میں منظور کی گئی 18قراردادوں پر دستخط کرکھے ہیں جن میں یہ کہا گیا ہے کہ جموں کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دیا جائیگا تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خودکرسکیں، مگر بھارت اپنی اندھی طاقت کے بل پر ان قراردادوں پر عمل درآمد میں رُکاوٹ بناہوا ہے ۔