مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و دہشت گردی کیخلاف لاہور سے اسلام آباد تک کشمیر کارواں میں انسانوں کا ٹھاٹیں مارتا سمند امڈ آیا

منگل 19 جولائی 2016 16:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جولائی ۔2016ء) تحریک آزادی جموں کشمیر کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و دہشت گردی کیخلاف لاہور سے اسلام آباد تک کشمیر کارواں میں انسانوں کا ٹھاٹیں مارتا سمند امڈ آیا۔طلباء ‘وکلاء‘تاجروں‘سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شرکاء ہزاروں گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں ‘کاروں، بسوں‘ویگنوں اور دیگر سواریوں پر قافلوں کی صورت میں مسجد شہداء مال روڈپہنچے تو دور دور تک ہر طرف گاڑیوں کی لمبی قطاریں، پاکستانی اورکلمہ طیبہ والے پرچم لہراتے نظر آئے۔

جماعة الدعوة کے کارکنوں کی بڑی تعداد صبح آٹھ بجے ہی مسجد شہداء مال روڈ پہنچنا شروع ہو گئی تھی۔ دس بجے تک ایک بہت بڑا جم غفیر مال روڈ پر جمع ہوچکا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر زبردست جذباتی کیفیت دیکھنے میں آئی‘اس دوران کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی، جنگ رہے گی، کشمیر بنے گا پاکستان، سید علی گیلانی، حافظ محمد سعید قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں،حافظ محمد سعید کا کیا پیغام‘ کشمیر بنے گا پاکستان اور دہشت گرد، دہشت گرد انڈیا ،امریکہ دہشت گرد جیسے نعرے لگائے جاتے رہے۔

کارواں کی قیادت جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید، لیاقت بلوچ، پیر سید ہارون گیلانی، حافظ عبدالرحمن مکی، حافظ عبدالغفار روپڑی، مولانا امیر حمزہ،سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، قاری یعقوب شیخ، عبداللہ گل، شیخ نعیم بادشاہ،مولانا سیف اللہ خالد، ابوالہاشم ربانی، حافظ طلحہ سعید، محمد یحییٰ مجاہد،حافظ خالد ولید ودیگر نے کی۔ قائدین ہمہ وقت ٹرک پر موجود اور شرکاء کی قیادت کرتے ہوئے قافلہ کے ہمراہ رہے۔

کارواں کے دوران زبردست جذباتی ماحول دیکھنے میں آیا۔کشمیر کارواں میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ جماعة الدعوة کے تین ہزار سے زائد رضا کاروں نے کشمیر کارواں کی مکمل سکیورٹی کے فرائض انجام دیئے‘سکیورٹی ٹیم کی جانب سے خصوصی طور پر گاڑیوں پر کلوز سرکٹ سکیورٹی کیمرے نصب کرکے کشمیر کارواں کو مکمل طور پر مانیٹر کیا۔

شاہدرہ اور کالا شاہ کاکو انٹرچینج پہنچنے پر شیخوپورہ‘فیصل آباداور گرد و نواح سے آئے ہوئے جماعة الدعوة کے ہزاروں کارکنوں نے کشمیر کارواں کا پرجوش استقبال کیا۔ مقامی تاجروں اور مختلف علاقوں کے رہائشیوں کی جانب سے بھی کشمیر کارواں کاپرجوش استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے شرکاء سے بھرپور انداز میں یک جہتی کا اظہار کیا ۔

لوگ دکانوں اور گھروں کی چھتوں پر چڑ ھ کر بھارتی دہشت گردی کے خلاف لگائے جانے والے نعروں کے جوابات دیتے رہے۔ ناصر باغ سے شاہدرہ تک لوگ شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے ۔کارواں کے شرکاء کے لئے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی طرف سے جگہ جگہ پانی کا انتظام کیا گیا تھا۔رضاکار گاڑیوں میں بھی پانی تقسیم کرتے رہے۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی میڈیکل ٹیمیں اور ایمبولینسیں بھی کارواں کے ہمراہ رہیں۔