امام خمینی میموریل ٹرسٹ کی طرف سے کارگل میں کل ہڑتال کی کال

بدھ 20 جولائی 2016 14:28

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 جولائی ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں امام خمینی میموریل ٹرسٹ نے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اور وادی کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے کل جمعرات کو کارگل میں ہڑتال کی کال دی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق امام خمینی میموریل ٹرسٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں تاجر برادری اور تعلیمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے تجارتی اور تعلیمی ادارے اس روز بند رکھیں اور احتجاجی ریلیوں اور جلوسوں میں شرکت کریں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں احتجاجی جلوس کارگل کی جامع مسجد سے نماز ظہر کے بعد شروع ہوگا اورلال چوک میں ختم ہوگا جہاں مقررین شرکاء سے خطاب کریں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ کارگل کے عوام مشکلات کی اس گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور وہ انہیں اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔