مقبوضہ کشمیر، بھارتی پولیس نے انجینئر رشید کو گرفتار کرلیا

بدھ 20 جولائی 2016 17:19

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 جولائی ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پولیس نے نام نہاد کشمیر اسمبلی کے رکن اورعوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید کو کپواڑہ سے گرفتار کر کے مقامی پولیس اسٹیشن میں نظربند کردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے بے گناہ کشمیریوں کے حالیہ قتل اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف پارٹی کارکنوں کے ہمراہ ایک احتجاجی مار چ کی قیادت کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انجینئر رشید نے مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف گزشتہ روز بھی سرینگر میں ایک پر امن احتجاجی دھرنا دیا تھا ۔انجینئر رشید ساتھیوں کے ہمراہ سیاہ جھنڈے اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے پریس انکلو میں اکٹھے ہوئے اور احتجاجی دھرنادیا ۔ نام نہاد اسمبلی کے رکن نے فورسز کے ہاتھوں زخمی ہونیوالے ایک کشمیری کی تصویر والا ایک پلے کارڈ اٹھا رکھا تھا جس پردرج تھا کہ بھارت کشمیر میں خون بہا رہا اور بچوں کو پلیٹ گن سے نشانہ بنایا جارہا ہے ۔