مقبوضہ کشمیر،مظاہرین پر بھارتی پولیس کے تشدد سے متعدد افراد زخمی ہوگئے، مسلسل 18 روز سے کرفیو جاری

منگل 26 جولائی 2016 18:55

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جولائی ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے سرینگر ، پامپور اور دیگر علاقوں میں پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال اور آنسو گیس شیلنگ سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب لوگوں جن میں بیشتر نوجوان شامل تھے نے کرفیو اور دیگر پابندیوں کو توڑتے ہوئے سرینگر کے علاقوں صفا کدل اور کاک سرائی میں سڑکوں پر نکل کر شہریوں کے قتل عام کے خلاف مظاہرے کئے ۔

مائسمہ میں مساجد کے لاؤڈ اسپیکر سے آزادی کے نغمے نشر کئے گئے ۔ آج پامپور میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے ۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز کی طرف سے مظاہرین پر پیلٹ گن کے بے دریغ استعمال کے خلاف امت اسلامی کے زیر اہتمام اسلام آباد ٹاؤن میں احتجاجی دھرنادیا گیا ۔ بھارتی فوجیوں نے بیج بہاڑہ ٹاؤن کے ایک علاقے پر حملہ کر کے علاقے کا تین گھنٹے تک محاصرہ جاری رکھا ۔

فوجیوں نے گھروں پر حملے کئے اور اہلخانہ کو ہراساں کرنے کے علاوہ کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیئے ۔ انتظامیہ نے لوگوں کو مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں جاری قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے روکنے کیلئے وادی کشمیر میں آج مسلسل اٹھارہویں روز بھی مسلسل کرفیو اور دیگر پابندیاں جاری رکھیں۔بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کرتے ہوئے آج ضلع کپواڑہ میں چار کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید ہونے والے نوجوان مجاہدین تھے اور وہ ایک جھڑپ کے دوران شہید ہوئے۔ایک نوجوان کو گرفتار کیا گیا جبکہ علاقے میں ایک حملے میں بھارتی فوجی بھی ہلاک ہوگیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فارو ق اورمحمد یاسین ملک کی طرف سے جاری کردہ مشترکہ احتجاجی پروگرام کے مطابق کل مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔

رہنماؤں نے کولگام کی طرف مارچ کی بھی کال دی ہے۔ ادھر کولگام او ر ریاسی اضلاع میں بھارتی فوج کے ایک میجر اور بھارتی فوج کی سرپرستی میں قائم نام نہاد ولیج ڈیفنس کمیٹی کے ایک اہلکارنے اپنی اپنی سروس رائفلوں سے گولیاں مارکر خودکشی کرلی ۔ ان واقعات سے جنوری 2007ء سے خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد365 ہوگئی ہے۔ برطانیہ میں قائم کشمیر کنسرن کے زیر اہتمام نارتھ تھمپٹن میں شمعیں روشن کرنے کی ایک تقریب میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے مقبوضہ علاقے میں کشمیری عوام کے ساتھ بھارتی حکمرانوں کے ظالمانہ سلوک کی شدید مذمت کی۔