مقبوضہ کشمیر، بھارتی پولیس نے سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو گرفتا ر کر لیا

جامع مسجدکی طرف مارچ ناکام بنانے کیلئے کرفیو بدستور نافذ کشمیری تحریک آزادی کو آگے بڑھانے کیلئے صفوں میں اتحاد ا اتفاق مزید مضبوط بنائیں،بھارت ہٹ دھرمی ترک کر کے جموں وکشمیر کو متنازعہ خطہ تسلیم ،حل کیلئے اقدامات کرے، سید علی گیلانی کی گرفتاری سے قبل میڈیاسے گفتگو

جمعہ 29 جولائی 2016 17:54

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اورآغا سید حسن الموسوی الصفوی کوجمعہ کے روز سرینگر میں گرفتار کر لیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ نظر بند ی کے باوجوداپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور جامع مسجد سرینگرکیطرف مارچ کی کوشش کی۔

سید علی گیلانی کو گرفتار کے بعد سرینگر کے ہمہامہ جبکہ میر واعظ اورآغا سید حسن الموسوی الصفوی کومقامی تھانوں میں نظر بند کیا گیا۔ جامع مسجد کی طرف مارچ کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے بھارتی فورسز کی طرف سے حالیہ انتفادہ کے دوران نہتے کشمیریوں کے بڑھتے ہوئے قتل عام کے خلاف دی تھی۔

(جاری ہے)

یا د رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انتفادہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں رواں ماہ کی آٹھ تاریخ کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد شروع ہوا تھا اور پر امن مظاہرین پر بھارتی فورسز کی فائرنگ ، پیلٹ اور آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث اب تک 56 بے گناہ کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔

ادھر قابض انتظامیہ نے لوگوں کو جامع مسجد کی طرف مارچ کرنے سے رو کنے کیلئے جمعہ کو مسلسل 21ویں دن بھی وادی کشمیرمیں مسلسل کرفیو اور دیگر پابندیاں جاری رکھیں۔انتظامیہ نے سرینگر میں جامع مسجد اور خانقائے معلی کی ناکہ بندی کر کے وہاں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی ۔ تقریبا تمام حریت رہنماؤں کو مارچ کی قیادت سے وکنے کیلئے گھروں یا پولیس اسٹیشنوں میں نظربند کردیا گیا۔

دریں اثنا سید علی گیلانی نے گرفتار سے قبل میڈیاکے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کو آگے بڑھانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد ا اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ شہداء کے مشن کو مقصد کے حصول تک ہر قیمت جاری رکھیں گے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت ہٹ دھرمی ترک کر کے جموں وکشمیر کو متنازعہ خطہ تسلیم کر ے اور اسکے حل کیلئے اقدامات کرے۔