بان کی مون مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔۔۔آسیہ اندرابی

پیر 22 اگست 2016 16:39

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 اگست۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون پر زور دیا ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں عالمی ادارے کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔ آسیہ اندرابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بان کی مو ن کوہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا رونا رونے کے بجائے وہ کشمیری عوام کو ان کا حق ، حق خوداریت دلانے کے لیے بھارت کو آمادہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ بانکی مون نے مسئلہ کشمیر کے بارے میں کچھ بیانات ضرور دیے ہیں لیکن انہیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اس عالمی فورم کی طرف سے جموں و کشمیر کے لوگوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بان کی مون ایک ایسے ادارے کے سربراہ ہیں جس نے مسئلہ کشمیر کے بارے میں 18 قراردادیں پاس کرکے اسے حل طلب معاملہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا معاملہ قراردینا اس ادارے کی قراردادوں کی نفی ہے۔ آسیہ اندرابی نے کہاکہ بھارت نے کشمیری عوام پر ظلم وجبر کی تمام حدیں پار کردی ہیں اور کشمیر جنت بے نظیر اندھوں کی بستی بنتی جارہی ہے اور بھارتی افواج ہمارے گھروں میں گھس کر قتل وغارت کررہی ہیں۔انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ایاد امین مدنی کے بیان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرنے میں اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔