مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی پیلٹ فائرنگ سے مزید دو نوجوان شہید

56روزہ احتجاجی تحریک کے دوران شہید ہونے والے شہریوں کی تعداد 90 ہو گئی

اتوار 4 ستمبر 2016 13:36

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء) مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرین پر بھارتی فورسز کی پیلٹ فائرنگ سے ایک اور نوجوان باسط احمد آہنگر شہید ہوگیا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق باسط احمد ضلع کے علاقے ویسو قاضی گنڈمیں پرامن مظاہرین پر فائرنگ سے شدید زخمی ہوا۔

(جاری ہے)

نوجوان کو علاج کے لیے ضلع ہسپتال اسلام آباد پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

دریں اثناء سرینگر میں ہفتے کی شام ایک نوعمر لڑکے کی لاش دریائے جہلم سے برآمد کی گئی ہے جس کے چہرے اور کمرپر پیلٹ کے زخم موجود تھے۔نوجوان کی عمر تقریباً 15سال بتائی جاتی ہے۔ ان دو نوجوانوں کی شہادت سے مقبوضہ کشمیر میں 56روز سے جاری احتجاجی تحریک کے دوران شہید ہونے والے شہریوں کی تعداد90ہوگئی ہے۔