آزاد کشمیر کی حکومت وزیراعظم فاروق حیدر خان کی دلیرانہ قیادت میں جہاں آزاد خطہ کی مثالی تعمیر وترقی کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے وہاں مہاجرین جموں وکشمیر مقیم پاکستان کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا

مسلم لیگ (ن) مظفر آباد کے رہنما ناصر ڈار کی کشمیر ی مہاجرین کے وفد سے بات چیت

جمعہ 9 ستمبر 2016 15:26

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 ستمبر۔2016ء) مسلم لیگ (ن) مظفر آباد کے رہنما ناصر ڈار نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی دلیرانہ قیادت میں جہاں آزاد خطہ کی مثالی تعمیر وترقی کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے وہاں مہاجرین جموں وکشمیر مقیم پاکستان کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر ھل کیا جائے گا۔

ا ن خیالات کا اظہار انہو ں نے ایم ایل اے ہاسٹل میں کشمیر ی مہاجرین کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سرکاری ملازمتوں میں مہاجرین جموں وکشمیر کے کوٹہ پر سختی سے عملدر آمد کروائے گی اور مہاجرین کے کوٹہ میں پائی جانے والی تفاوت کو بتدریج ختم کیا جائے گا۔ ناصر ڈار ایم ایل اے نے مزید کہا ہے کہ بھارتی جبر کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کر سکتا ، کشمیریوں کو آزادی کی منزل ضرور ملے گی ۔

(جاری ہے)

بھارت کے مکروہ عزائم عالمی برادری پر بخوبی عیاں ہو چکے ہیں۔ بھارتی مسلح افواج کے اندوہناک مظالم اور پیلٹ گن کا استعمال کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کر سکتا ۔ کشمیریوں نے بھارتی غلامی سے آزادی کا تہیہ کر رکھا ہے انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ کشمیریوں کو آزادی مل کر رہے گی ۔ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج جلد طلوع ہوتا نظر آرہا ہے ۔

بھارتی مسلح افواج کے ہاتھ مظلوم کشمیریوں کے خون سے رنگیں ہیں ۔بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر روا مظالم کا سلسلہ فی الفور بند کرنا چاہے ۔ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے پرامن اور فوری حل کے لیے اپنا بھر پور کر دار اد اکرنا چاہیے ۔