بھارتی میڈیا مقبوضہ کشمیر میں مذہبی تنظیموں ،اداروں کو جان بوجھ کر بدنام کر رہے ہیں، جماعت اسلامی

پیر 12 ستمبر 2016 14:59

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 ستمبر۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ بھارتی ذرائع ابلاغ علاقے میں موجود مذہبی تنظیموں اور اداروں کو بد نام کرنے کی کوششوں میں لگے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی ذرائع ابلاغ کشمیر کے زمینی حقائق کو پیش کرنے کا پیشہ ورانہ فریضہ انجام دینے کے بجائے کشمیر دشمن اور اسلام دشمن طاقتوں کے ہاتھوں میں کھیل کرمذہبی تنظیموں اور اداروں بالخصوص جماعت اسلامی اور جمعیت اہلحدیث کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

بیان میں کہاگیا ہے کہ بھارت کے پالیسی سازوں اور مسلح فوج نے دنیا اور بھارتی عوام کو کشمیر کی اصل صورتحال سے بے خبر رکھنے کیلئے ہمیشہ یہاں کے زمینی حقائق کو چھپانے کی کوشش کی ہے ۔

(جاری ہے)

بھارتی پالیسی سازوں نے تنازعہ کشمیر کی بنیادی وجوہات پر توجہ دینے کے بجائے لوگوں کو قربانی کے بکرے بنانے کی کوشش کی ہے یہی وجہ ہے کشمیر میں احتجاج اورآزادی کے حق میں مظاہروں میں روز بروز تیزی آتی جارہی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت اسلامی نے مفتی اعظم مفتی بشیر الدین احمد کی زیر قیادت کشمیر کی تمام مذہبی تنظیموں کے مشترکہ فورم مجلس اتحاد ملت میں شامل دیگر تنظیموں سے صلاح و مشورہ شروع کردیا ہے اور فورم بہت جلد میڈیا کے ان اداروں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرے گا جنہوں نے کشمیر میں مذہبی تنظیموں، اداروں اور مساجد کو بدنام کرنے کی مہم شروع کررکھی ہے۔ جماعت اسلامی نے ان مقامی صحافیوں کی تعریف کی جو بھارتی ذرائع ابلاغ میں کام کرنے کے باوجود کشمیر دشمن پروپیگنڈے کا حصہ نہیں بنے۔جماعت نے دیگر صحافیوں پر انکی تقلید کرنے پر زور دیا۔