مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہو سکتے‘ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیاء میں سلگتی ہوئی چنگاری ہے ‘ عالمی برادری کو چاہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق خودارادیت دلائے

رکن قانون ساز اسمبلی میاں یاسر رشید کامسئلہ کشمیر کے حل بارے سیمینار اورکشمیر ی مہاجرین کے نمائندوں سے خطاب

جمعرات 15 ستمبر 2016 14:52

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 ستمبر۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہو سکتے‘ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیاء میں سلگتی ہوئی چنگاری ہے ‘ عالمی برادری کو چاہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق خودارادیت دلائے ۔ ان خیالات کا اظہار نارووال سے تعلق رکھنے والے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن میاں یاسر رشید نے مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالہ سے ایک سیمینار میں بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا ۔

اس موقع پر کشمیر ی مہاجرین کے نمائندوں نے بھی اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کے فوری اورپرامن حل کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ میاں یاسر رشید ایم ایل اے نے اس موقع پرخطاب میں مزید کہا کہ رائے شماری کے ذریعے کشمیریوں کے حق خودارادیت کا مینڈیٹ آج بھی اسی طرح زندہ ہے جیسے 1947ء میں تھا ۔

(جاری ہے)

ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں شروع کر رکھی ہیں ۔

آج سرینگر میں دی جانے والی لازوال قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے ۔اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو مقبوضہ ریاست میں بھارت کے اندوہناک مظالم کا سلسلہ بند کرانے کے لیے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالنا چاہے انہوں نے مزید کہا ہے کہ بھارتی حکمرانوں کو بھی ہوش کے ناخن لینے چاہیے کیونکہ بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کر سکتے ۔ میاں یاسر رشید ایم ایل اے نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی طرف سے عالمی سطح پر دوٹوک موقف اپنانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالہ سے بیرون ملک وفود بھیجنے کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ آزاد کشمیر کی قیادت ، پارلیمنٹیرین ، حریت رہنماؤں اور دانشوروں کو بھی وفود میں شامل کیاجائے ۔