مسئلہ کشمیر ایک سلگتی چنگاری ہے‘۔ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیموں کو کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کیلئے موثر کر دار ادا کرنا چاہے تاکہ اس دیرینہ مسئلہ کے ھل کے بعد پائیدار عالمی امن کا قیام ممکن ہو سکے

آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے مسلم لیگی رکن ناصر ڈار کاکشمیری مہاجرین کی تقریب سے خطاب

جمعرات 15 ستمبر 2016 14:53

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 ستمبر۔2016ء) مسئلہ کشمیر ایک سلگتی چنگاری ہے ۔ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیموں کو کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لیے اپنا موثر کر دار ادا کرنا چاہے تاکہ اس دیرینہ مسئلہ کے ھل کے بعد پائیدار عالمی امن کا قیام ممکن ہو سکے ۔ ان خیالات کا اظہار آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے مسلم لیگی رکن ناصر ڈار نے کشمیری مہاجرین مقیم پاکستان کی ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے بھارتی مسلح افواج کے انخلاء ، آرمڈ سروسسز سپیشل پاور ایکٹ سمیت دیگر تمام سفاکانہ قوانین کے خاتمہ اور پیلٹ گن اور دیگر مہلک ہتھیاروں کے استعمال کو روکنے کے لیے عالمی برادری کو اپنا اثر ورسوخ استعمال کرنا چاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے باور کرایا کہ کشمیر بھارت کا کبھی حصہ تھا نہ اب ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔

لہذا اقوام متحدہ کا فرض ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے قتل عام کی تحقیقات کروائے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت دلانے کے سلسلہ میں اپنی ذمہ داریوں کو کماحقہ پورا کرے ۔ ناصر ڈار ایم ایل اے نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے بھارت نے ہمارے خلاف غیر اعلانیہ جنگ شروع کر رکھی ہے اگر مودی سازشوں سے باز نہ آیا تو ایسا سبق سکھائیں گے جو اسکی نسلیں بھی یاد رکھیں گی ۔

آج تحریک آزادی کشمیر نازک مرحلہ میں داخل ہو چکی ہے ۔ پاکستان کی قیادت مضبوط ہاتھوں میں ہے ۔ وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عالمی سطح پر واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کیا ہے اور کشمیری قوم کے حوصلے بلند ہیں اور اب وہ دن زیادہ دور نہیں کہ جب پاکستان قائداعظم اور علامہ اقبال کے خواب کے عین مطابق بن جائے گا۔