بھارتی پولیس سرینگر کے رہائشیوں کو ہراساں اور انکی املاک کو نقصان پہنچا رہی ہے

اتوار 25 ستمبر 2016 12:47

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر - 2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں سرینگر کے رہائشیوں نے کہاہے کہ بھارتی پولیس گھروں پر چھاپوں اور کریک ڈاؤن آپریشنوں کے دوران انکی املاک کو نقصان پہنچانے اور نقدی اور دیگر قیمتی سامان کی لوٹ مار کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر کے علاقے نٹی پورہ میں طاہر کالونی کے رہائشی محمد عرفان ہارون نے بتایا کہ پولیس چھاپے کے دوران نہ صرف اسکی بہن کے گھر کو نقصان پہنچایا بلکہ وہاں سے نقد رقم ، موبائیل فون ، گھر، کار اور دکان کے اہم دستاویزات خاص طور پر دو چیک بکس بھی ساتھ لے گئی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پولیس انہیں جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس نے نہ صرف انکی بہن کے گھر کو نقصان پہنچایا بلکہ انکے سسرکو بھی گرفتار کرلیا ۔ عرفان نے بتایا کہ پولیس انکی تمام تعلیمی اسنا دبھی اپنے ساتھ لے گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پولیس نے انکے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں اور جب بھی انتخابات یا کوئی اور ایونٹ ہوتا ہے تو انہیں پولیس اسٹیشن طلب کر لیا جاتا ہے ۔