مودی نے پاکستان پر میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو اس کا جغرافیہ تبدیل ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا، بھارت نے ایٹمی پاکستان کیخلاف کسی قسم کی مہم جوئی کی جرات کی تو نتائج پورے جنوبی ایشیاء کو اپنی لپیت میں لے سکتے ہیں

آزادکشمیر کے سابق وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ چوہدری محمد رشیدکی صحافیوں سے بات چیت

منگل 27 ستمبر 2016 18:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 ستمبر - 2016ء ) آزادکشمیر کے سابق وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ چوہدری محمد رشید نے کہاہے کہ مودی نے پاکستان پر میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو اس کا جغرافیہ تبدیل ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا، بھارت نے ایٹمی پاکستان کیخلاف کسی قسم کی مہم جوئی کی جرات کی تو نتائج پورے جنوبی ایشیاء کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں ، کشمیری پاکستان کی خاطر حسب سابق جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے گریز نہیں کرینگے ۔

سیز فائر لائن پر آباد کشمیریوں نے گزشتہ ستر سالوں سے اپنے گھروں کو مورچوں میں تبدیل کرتے ہوئے مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کا فریضہ سر انجام دے دئیے ہیں۔ منگل کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان، پاکستانی عوام اور کشمیریوں میں آج بھی وہ جذبہ موجود ہے جو جنگ بدر میں تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو محدود یا روایتی دھمکیاں دینے چھوڑ دے بھارت کی پاکستان کو تنہا یا چھوٹا ملک سمجھنے کی غلطی اس کی طبعی عمر پور ی کر سکتی ہے اور اسکی آخری غلطی بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اڑی حملہ کا ڈرامہ فلاپ ہونے کے بعد پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کے درپے ہے۔ بھارت سفارتی میدان میں ناکامی کے بعد اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کو ان کے بنیادی اور پیدائشی حق حق خودارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتا۔ مقبوضہ کشمیر جلد آزادکشمیر ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔