بھارتی افواج کی دراندازی کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا،نسیمہ وانی

اب دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتا،ممبر قانون ساز اسمبلی

جمعہ 30 ستمبر 2016 19:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 ستمبر - 2016ء) ممبر قانون سازاسمبلی محترمہ نسیمہ وانی نے کہا ہے کہ بھارتی افواج کی دراندازی کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا،اب دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتا،سرجیکل سٹرایک کا دعوا کرنے والا بھارت دنیا کو مزید بیوقوف نہیں بناسکتا۔عالمی امن کے دعوے دار بھارتی مکروہ عزائم کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت پر دباؤ بڑھائیں کہ وہ جلد ازجلد مقبوضہ کشمیر سے اپنی افواج کا انخلاء کرے۔

بھارتی عزائم خطہ کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہیں نوٹس نہ لیا گیا تو مقبوضہ کشمیر میں سلگتی چنگاری پوری دنیا کے امن کیلئے خطرہ ثابت ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔نسیمہ وانی کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کے ہر مکروہ عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے کھڑے ہیں مقبوضہ کشمیر کے عوام جس طرح بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں نہتے مظلوم کشمیریوں پر ظلم اورجبر کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں انہیں بینائی سے محروم کیا جارہا ہے گزشتہ چھ دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزرگیا مگر بھارتی ظلم کم نہ ہو سکا اور نہ ہی اقوام متحدہ نے اپنی قرارادادوں پر عمل درآمد کروایا جو لمحہ فکریہ ہے بھارت کے ناپاک عزائم جس طرح نہتے مظلوم عوام جان کا نذرانہ پیش کر کے دے رہے ہیں بھارت نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی تو پاک فوج نے دشمن کے دانت کھٹے کیے اسے وہ سبق سکھایا جو رہتی دنیا تک یاد رکھے گا۔

(جاری ہے)

عالمی دنیا کو اب معلوم ہو جانا چاہیے کہ بھارت انتہا پسند ہے جمہوریت نہیں بلکہ جارح ملک بھارت خطہ سمیت پوری دنیا کے امن کیلئے خطرہ بن رہا ہے عالمی برادری اپنا کردارادا کرے اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دلوائے تاکہ خطہ میں امن قائم ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :