مسئلہ کشمیر کو حل نہ کیا گیا تو انسانیت تباہی سے دوچار ہوسکتی ہے ، سید علی گیلانی

بھار ت کشمیریوں کی تحریکِ آزادی سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کے لیے جنگی ماحول پیدا کررہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کے باعث نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا میں انسانیت تباہی سے دوچار ہو سکتی ہے‘بیان

اتوار 2 اکتوبر 2016 15:29

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھار ت کشمیریوں کی تحریکِ آزادی سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کے لیے جنگی ماحول پیدا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے اپنے عوام کی تسکین کیلئے کنٹرول لائن پر سرجیکل سٹرائک کا ڈرامہ رچایا ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں خبر دار کیا کہ تنازعہ کشمیر کے باعث نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا میں انسانیت تباہی سے دوچار ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں بھارت کاغیر حقیقت پسندانہ اور ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ بنیادی رکاوٹ ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کو انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں پر عالمی سطح پر زبردست تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا تھا لہذا اس نے پریشان کْن صورتحال سے بچنے اور بین الاقوامی رائے عامہ کو اپنے حق میں ہموار کرنے کے لیے اوڑی کا ڈرامہ رچایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جرائم اتنے گھناؤنے اور بھیانک ہیں کہ جن پر وہ ہرگز پردہ نہیں ڈال سکتا ۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ اگر تنازعہ کشمیر کو حل نہیں کیا گیا توخطے کو تباہی سے بچایا نہیں جاسکتا جسکا ذمہ دار مکمل طور پر بھارت ہو گا۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ اس ہولناک اور وحشت انگیز صورتحال کی ذمہ داری بھارت نواز سیاستدانوں پر بھی برابر عائد ہوتی ہے کیونکہ اگر یہ سیاستدان قوم کی امنگوں اور اْن کے جذبوں کی قدر کرکے بھارت کے گماشتے بننے کے بجائے حقیقت پسندی کا ثبوت دیتے تو بھارت کو یہ مسئلہ حل کرنے پر مجبور کیا جاسکتا تھا۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری بھی جنگ کی ہولناکیوں کی برابر کی ذمہ دار ہوگی کیونکہ وہ بھی بھارت کے ساتھ اپنے اقتصادی اور معاشی مفادات کے باعث تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے وہ کردار ادا نہیں کر رہی جو اسے کرنا چاہیے۔