سری نگر میں سرکاری عمارت پر مسلح افراد کا قبضہ٬ 3 بھارتی فوجی زخمی

سرجیکل اسٹرائیک کی دعویدار بھارتی فوج 12 گھنٹے میں 2 حملہ آوروں کو بھی قابو نہ کرسکی

پیر 10 اکتوبر 2016 22:05

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں سرکاری عمارت پر حملہ آوروں نے قبضہ کرلیا جب کہ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 بھارتی فوجی زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں سری نگر کے ضلع پامپور میں سرکاری عمارت پر 2 مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے بعد فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 3 بھارتی فوجی زخمی ہوگئے جب کہ عمارت میں بھی آگ بھڑک اٹھی۔

(جاری ہے)

پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک کے بھونڈے دعوے کرنے والی بھارتی فوج اور صرف 2 مسلح افراد کے درمیان یہ مقابلہ 12 گھنٹے سے جاری ہے جس میں بھارتی فوج ان حملہ آوروں کو قابو کرنے میں بری طرح ناکام نظر آتی ہے۔ حملہ آوروں نے سرکاری عمارت پر قبضہ کرلیا ہے جب کہ اس دوران علاقے سے دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی فوج نے پاکستانی علاقے میں سرجیکل اسٹرائیک کا دعوی کیا تھا جس کے وہ ثبوت دینے میں ناکام ہوگئی اور سرجیکل اسٹرائیک کے بھونڈے دعوے پر مودی سرکاری کو جگ ہنسائی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ پاک فوج کی جانب سے ایل او سی پر بھارت کو دیئے گئے منہ توڑ جواب کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔