سی پیک منصوبے کی تکمیل سے آزاد جموں و کشمیر سمیت پاکستان ترقی کے بے مثال دور میں داخل ہوگا٬اکستان خطے کا سب سے اہم ملک بن جائیگا

صدر ممنون حسین کی آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان سے بات چیت

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 21:12

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل سے آزاد جموں و کشمیر سمیت پاکستان ترقی کے بے مثال دور میں داخل ہوگا اور پاکستان خطے کا سب سے اہم ملک بن جائیگا۔ہفتہ کو مظفر آباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان سے ملااقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی کوریڈور سے ترقی کی نئی راہیں کھل جائینگی اور روان سال کے آخر تک گوادر پورٹ مکمل طور پر فنکشنل ہو گا۔

صدر آزاد جموں و کشمیر محمد مسعود خان٬وزیر اعظم اے جے کے راجا فاروق حیدر خان اور سپیکر شاہ غلام قادر بھی اجلاس میں موجود تھے۔صدر مملکت نے کہاکہ سی پیک ایک تاریخ ساز منصوبہ ہے جس میں گوادر ائر پورٹ٬انفرا سٹرکچر اور توانائی کے منصوبے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ 2018 تک توانائی منصوبوں کی تکمیل سے اے جے کے سمیت تمام ملک کو لوڈ شیدنگ سے نجات مل جائے گی ۔

ممنون حسین نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت صحیح راستے پر گامزن ہے اور ترقی و خوشحالی ہمارا مقدر ہے۔انہوں خواتین پر زور دیا کہ وہ تعلیم حاصل کریں اور ثقافتی اقدار و روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا کرادر ادا کریں۔صدر اور وزیر اعظم آذاد جموں و کشمیر سمیت قانون ساز اسمبلی کے ارکان نے صدر مملکت ممنون حسین کو بجلی کی قلت٬محدود مالی وسائل سمیت اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کا دورہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار ہے۔انہوں نے قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت کے خطاب کو سراہا۔صدر مملکت نے انہیں یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انکے مسائل حل کرنے کیلئے بھر پور کردار ادا کرینگے۔