اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کے حل کی بنیاد فراہم کرتی ہیں٬ حریت رہنماء

پیر 24 اکتوبر 2016 18:01

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق نے کہاہے کہ جموںوکشمیر بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور اسے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوں نے سرینگر میں اپنے الگ الگ بیانات میں سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کے اس حالیہ بیان کو مسترد کردیا کہ مسئلہ کشمیر کو بھارتی آئین کے تحت حل کیا جاسکتا ہے۔

انہوںنے عمر عبداللہ کے بیان کو بے بنیاد اور مسئلہ کشمیر کے تاریخی حقائق کے خلاف قراردیا۔ ادھر نئی دلی میں انسانی حقوق کی تنظیم پیپلز یونین فار سول لبرٹیز کی ایک ٹیم نے وادی کشمیر کے سات روزہ دورے کے اختتام پر کہاہے کہ مقبوضہ علاقے کے دیہات سے لیکر شہروںتک ماہرین سے لیکر عام افرادتک ٬ نوجوان ٬ مرد و خواتین اور معمر افراد سب بھارت سے آزادی کے حق میں ہیں۔

(جاری ہے)

ٹیم جس کی سربراہی تنظیم کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر وی سریش کر رہے تھے نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میںعام آدمی کااس بات سے اعتماد اٹھ چکا ہے کہ جمہوری نظام انکے دکھوں کا مداوا کرسکتا ہے۔ ٹیم نے اپنی سفارشات میں بھارتی حکومت پر زوردیا ہے کہ وہ غیر قانونی طورپر نظربند تمام حریت رہنمائوں ٬ کارکنوں اور انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز کو فوری طورپر رہا اور انکے خلاف تمام مقدمات واپس لے ۔

ٹیم نے بھارت سے کہاہے وہ مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کی سمت پیش رفت کیلئے عوامی نمائندئوں کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات کرے۔ دریں اثناء وادی کشمیرمیں آج مسلسل108ویں دن بھی ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ۔ سینکڑوں لوگوںنے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کرتے ہوئے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے Arinمیں ایک ریلی میںشرکت کی ۔

نوجوانوں نے بھارتی فوجیوں اورپولیس کے مظالم کے خلاف Ajarکے مقام پر بانڈی پورہ گریز روڈ بند کردی ۔گاندربل کے علاقوں مانیگام اور لار میں بھارت مخالف ریلیوں کو روکنے کیلئے بھارتی فورسز کی بھاری تعداد کو تعینات کیاگیاتھا۔ سرینگر میں عوامی اتحاد پارٹی کے سیکریٹر یٹ مارچ پر بھارتی پولیس کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے بارہ سے زائد مظاہرین زخمی اور نام نہاد اسمبلی کے رکن انجینئر عبدالرشید سمیت ستر کے قریب افراد کو گرفتار کرلیاگیا۔

بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع کپواڑہ کے علاقے لولاب میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔بھارتی فوج کے ایک عہدے دار نے دعویٰ کیا ہے کہ نوجوان کو فوج کے ساتھ جھڑپ میں شہید کیاگیا۔