سندھ ہائیکورٹ نے رینجرز کو اختیارات دینے کے معاملہ پر وفاق اور حکومت سندھ سے 2 دسمبر تک تحریری جواب طلب کر لیا

پیر 31 اکتوبر 2016 18:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2016ء) سندھ ہائیکورٹ نے رینجرز کو اختیارات دینے کے معاملہ پر وفاق اور حکومت سندھ سے 2 دسمبر تک تحریری جواب طلب کر لیاہے ۔پیر کو سندھ ہائی کورٹ میں رینجرز کو اختیارات دینے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔عدالت میں درخواست گزار مولوی اقبال حیدر کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ کراچی میں پائیدار امن کے لئے رینجرز کو مزید اختیارات دیئے جائیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع ہو چکی ہے جس پر درخواست گزار کا کہنا تھا کہ توسیع ہو چکی ہے لیکن سندھ اسمبلی نے جو قرارداد پاس کی ہے وہ وفاقی قوانین کے لئے ہے جبکہ سپریم کورت نے بھی اپنی آبزرویشن میں کہا ہے کہ حکومت سندھ امن کے قیام میں مکمل ناکام ہو چکی ہے عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد وفاق اور حکومت سندھ سے 2 دسمبر تک تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ہے ۔