وزیراعظم آزادکشمیر سے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈنیٹر برائے پاکستان نیل بویل کی ملاقات

یونیسیف٬ ڈبلیو ایس پی ڈیزاسٹر مینجمنٹ٬ ماں بچے کی صحت٬ ماحولیات بارے کئے جانیوالے کام ٬مستقبل میں مختلف شعبہ جات میں آزاد حکومت کی معاونت میں گہری دلچسپی کا اظہار

ہفتہ 5 نومبر 2016 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2016ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر برائے پاکستان نیل بویل نے یہاں کشمیر ہائوس میں ملاقات کی۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات سید آصف حسین شاہ بھی موجود تھے۔ اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر نے UNICEF٬ WSPڈیزاسٹر مینجمنٹ٬ ماں بچے کی صحت٬ ماحولیات کے حوالے سے کیے جانے والے کام اور مستقبل میں مختلف شعبہ جات میں آزاد حکومت کی معاونت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر کہا کہ 8اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے کے بعد جس انداز سے اقوام متحدہ ٬ اس کے ذیلی اداروں سمیت بین الاقوامی برادری نے تعمیر نو اور بحالی کے کاموں میں ہمارے ساتھ تعاون کیا اس کی مثال ملنی مشکل ہے۔آزادکشمیر قدرتی وسائل سے مالا مال ایک پر امن خطہ ہے جہاں سیاحت ٬ ہائیڈرل سمیت مختلف شعبہ جات کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔وزیراعظم کو اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر نے ادارے کی سالانہ رپورٹ اور پائیدار ترقی کے لیے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے ایک کتابچہ بھی پیش کیا۔