بھارتی فورسز نے شوپیاں میں ایک اور نوجوان کوشہید کردیا

کشمیری اقتصادی پیکیجز کیلئے نہیں اپنے سیاسی مستقبل کے تعین کیلئے جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں٬حالیہ انتفادہ نے بھارتی کٹھ پتلیوں کی بوکھلاہٹ کوآ شکار کر دیا ہے٬بھارت جموںوکشمیر بارے زمینی حقائق تسلیم کرے ٬دیرینہ مسئلہ کشمیر کو تاریخی پش منظر میں رائے شماری کے ذریعے حل کرے٬حریت رہنمائوں کے بیان

پیر 7 نومبر 2016 19:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میںمشترکہ حریت قیادت نے کہاہے کہ کشمیری اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی اقتصادی پیکیجز کیلئے نہیں بلکہ جموں وکشمیر کے لاکھوں عوام کے سیاسی مستقبل کے تعین کیلئے جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ بات کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ٬ میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے حیدر پورہ سرینگر میں ملاقات کے بعد جاری ایک بیان میں کہی۔

حریت قائدین نے کہاکہ نام نہاد حکمران کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطالبے کو مسلسل نظر انداز کرکے نوجوانوں کو دیوار کے ساتھ لگا رہے ہیں ۔ انہوںنے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اس بیان ٬کہ مسئلہ کشمیر کو اقتصادی ترقی سے ہی حل کیا جاسکتا ہے کو متفقہ طورپرمسترد کرتے ہوئے کہا کہ مالی فوائد کی لالچ دیکر انقلابی تحریکوں کو ختم نہیں کیا جاسکتا ۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوںنے کہاکہ عام کشمیریوں کی خواہشات کی ترجمان حالیہ انتفادہ نے بھارتی کٹھ پتلیوں کی بوکھلاہٹ کوآ شکار کر دیا ہے اور انہوںنے اسے کچلنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظر بند جنرل سیکریٹر ی شبیر احمد شاہ نے ایک بیان میں بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ جموںوکشمیر کے بارے میں زمینی حقائق تسلیم کرے اور دیرینہ مسئلہ کشمیر کو اسکے تاریخی پش منظر میں رائے شماری کے ذریعے حل کرے۔

بھارتی فورسز نے سکول کے طلبہ ٬ان کے والدین٬ معاشرے کی اہم شخصیات٬ مساجد کے نمائندوں٬ مزاحمتی کمیٹیوں اور رضاکار نوجوانوں کی طرف سے اپنے اپنے سکولوں کی طرف مارچ کو روکنے کے لیے سخت پابندیاں جاری رکھیں۔ یوم تحفظ سکول کا اعلان مشترکہ حریت قیادت نے ہفتہ وار احتجاجی پروگرام کے دوران کیا تھاجس کا مقصد بھارتی ایجنسیوں کی طرف سے سکولوں کو نذرآتش کرنے کی کاروائیوں کو روکنا ہے۔

بھارتی فورسز اور پولیس اہلکاروں نے پامپورہ میں حریت رہنما اور مسلم خواتین مرکز کی چیئر پرسن یاسمین راجہ کے گھرپر چھاپہ مارا۔ انہوں نے وہاں گھریلو سامان کو تہس نہس اورخاتون رہنما کے اہلخانہ کوہراساں کیا۔ دریں اثنابھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کاروائی کے دوران آج ضلع شوپیان میں محاصرے اور تلاشی کی کاروائی کے دوران ایک کشمیری نوجوان صدام میر کو شہید کردیا۔ فورسز اہلکاروں نے علاقہ ونگام کا محاصرہ کیا اورعلاقے میں تلاشی کی کاروائی شروع کی ۔ لوگوں نے نوجوان کی شہادت پرزبردست بھارت مخالف مظاہرے کئے۔ ضلع گاندربل کے علاقے کنگن میں گنڈ کے مقام پر سنبل پاور کینال سے ایک لڑکے پرویز چیچی کی لاش برآمد ہوئی۔ لڑکا دوروز قبل لاپتہ ہوگیاتھا۔