سرینگر، بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو اور کشمیری نوجوان شہید

کشمیریوں کے اتحاد نے بھارت کو بوکھلاہٹ کا شکا ر کردیا ہے،عوام مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے جاری احتجاجی پروگرام پر عمل کریں،حریت رہنمائوں کا شہداء کے مشن کو منطقی انجام تک جاری رکھنے کا عزم

منگل 22 نومبر 2016 18:11

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع بانڈی پورہ میں دو اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے ان نوجوانوں کو ضلع میں حاجن کے علاقے بونی خان میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا ۔

ایک بھارتی پولیس افسرنے دعویٰ کیاہے کہ یہ نوجوان فوجیوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں ہلاک ہوئے۔جیسے ہی نوجوانوں کے قتل کی خبر پھیلی سینکڑوں لوگ حاجن چو ک میں جمع ہو گئے اور انہوںنے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے ۔انہوںنے شہید نوجوانوں کی میتیں انکے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ۔ادھر وادی کشمیر میںبھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے شہریوں کے قتل عام اور دیگر مظالم کے خلاف ہڑتال آج بھی جاری رہی ۔

(جاری ہے)

جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے ترال میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ مقبوضہ علاقے میں جاری احتجاجی تحریک سے اتحاد و اتفاق اور استقامت کی صورت میںدو بڑی کامیابیاں حا صل ہوئی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری شہداء ہمارے اصل ہیرو ہیں اورانہوںنے شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بڈگام میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ وہ مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے جاری ہونے والے حتجاجی پروگرام پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ مقصد کے حصول کیلئے تحریک آزادی کو جاری رکھنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔حریت رہنما یاسمین راجہ ، فاروق احمد توحیدی ، محمد یوسف میر اورجموں وکشمیر سالویشن مومنٹ کا وفد ضلع پلوامہ کے علاقے کاکہ پورہ میں شہید ہونے والے نوجوان رئیس احمد ڈار کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ان کے گھر گیا۔

نوجوان کو بھارتی فوج نے حال ہی ایک کاروائی کے دوران شہید کردیا تھا۔ ادھر حریت رہنمائوں یاسمین راجہ،فریدہ بہن جی ، بلال صدیقی، ظفر اکبر بٹ، شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر، محمد احسن انتو، امتیاز احمد ریشی اور غلام نبی وار نے اپنے بیانات میںسابق مجاہد کمانڈر ریاض احمد ڈار المعروف مجاز کشمیری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے علاقے گاندربل سے تعلق رکھنے والے ریاض احمد ڈار گزشتہ روز راولپنڈی میں انتقال کرگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :