حریت رہنمائوںکا کشمیری شہداء کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کااعادہ ،جمال افغانی اور شمس الحق کو زبردست خراج عقیدت پیش

کشمیری نوجوان بھارتی تسلط تسلیم کرنے کو تیار نہیں ،تعلیم یافتہ نوجوان جدوجہد آزادی کیلئے جانوںکی قربانیاں دے رہے ہیں،سید علی گیلانی ، میر واعظ کشمیر ی شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مرکز نگاہ بن گیا ہے ،قربانیوں کو رائیگاںنہیں جانے دیا جائیگا،غلام نبی سمجھی ،مختار احمد وازہ

جمعرات 15 دسمبر 2016 19:56

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنمائوں نے کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل تک شہداء کے مشن کو جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوںنے گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے بی ٹیک کے طالب علم باسط رسول ڈار اور ایک اور نوجوان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔

سید علی گیلانی نے سرینگر سے باسط رسول کے جنازے کے شرکاء سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان جدوجہد آزادی کیلئے اپنی جانوںکی قربانیاں دے رہے ہیں۔ حریت رہنمائوں غلام نبی سمجھی اور مختار احمد وازہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر ی شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مرکز نگاہ بن گیا ہے اور ان قربانیوں کو رائیگاںنہیں جانے دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک بیان میں کہاہے کہ کشمیری نوجوان بھارتی تسلط کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں اور وہ اپنے مادر وطن کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کرنے سے بھی نہیںہچکچاتے ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر کے یہ سپوت ہمارے ہیروہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں محمد یوسف نقا ش، حکیم عبدالرشید اوربلال صدیقی نے آج ضلع اسلام آباد کے علاقے سنگم میں شہید نوجوان باسط رسول ڈار کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔

دریں اثناء جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک غیر قانونی طورپر نظربند رہنمائوں ڈاکٹر محمد قاسم فکتو اور آسیہ اندرابی کے علیل بیٹے احمد بن قاسم کی عیادت کیلئے صورہ ہسپتال سرینگر گئے ۔ احمد بن قاسم کا حال ہی میں آپریشن ہوا ہے ۔ جموںوکشمیر پیپلز فریڈم لیگ نے معروف حریت پسند عبد الخالق گنائی المعروف جمال افغانی کو ان کی شہادت کی 23ویں برسی کے موقعہ پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سرینگر ، بانڈی پور اور مظفر آباد میں مختلف تقاریب منعقد کیں۔

پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی اور دیگر مقررین نے مظفر آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جمال افغانی کی جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے خدمات اور قربانیوںکوہمیشہ یاد رکھا جائیگا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں شبیر احمد شاہ اور نعیم احمدخان نے اپنے بیانات میں معروف مجاہد کمانڈر شمس الحق کو انکی شہادت کی برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا ۔