امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے،بیرسٹر سلطان محمود

جمعہ 16 دسمبر 2016 16:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2016ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔ امریکہ نہ صرف ایک سپر پاور ہے بلکہ انسانی حقوق پر بھی اسکا بہترین ٹریک ریکارڈ ہے اور وہ پہلے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر مزمت کر چکا ہے۔

اب اس امر کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھی اپنا کردار ادا کرے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اپنی رہائشگاہ پر امریکی سفارتخانے کی پاکستان کے لئے داخلی امورکی انچارج اینڈریا ہلیئر (Andrea Hilliyer) سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے امریکی سفارتکار کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم و بربریت کی انتہاء ہو چکی ہے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی و جمہوری تحریک جاری ہے اور اسی طرح ہم بھی مسئلہ کشمیر کو بیرون ممالک میں اٹھا رہے ہیں لہذا امریکہ اپنا اثر رسوخ استعمال کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو رکوائے اور مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔