سانحہ اے پی ایس پشاور پاکستان کی تاریخ کا دلخراش واقعہ ہے جس پر پوری قوم افسردہ ہے‘ سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہداء کو جتنابھی خراج عقیدت پیش کیاجائے وہ کم ہے

سابق چیئرمین ایم ڈی اے ڈاکٹر امین چوہدری اور کسگمہ ویلفیئرٹرسٹ کے نائب صدر چوہدری منیرحسین کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 17 دسمبر 2016 14:34

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2016ء) سابق چیئرمین ایم ڈی اے ڈاکٹرمحمد امین چوہدری اور کسگمہ ویلفیئرٹرسٹ کے وائس پریذیڈنٹ چوہدری منیرحسین نے کہاہے کہ سانحہ اے پی ایس پشاور پاکستان کی تاریخ کا دلخراش واقعہ ہے جس پر پوری قوم افسردہ ہے۔ سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہداء کو جتنابھی خراج عقیدت پیش کیاجائے وہ کم ہے۔ پاکستا ن دشمن قوتیں پاکستان کے امن کو کسی طرح تباہ نہیں کرسکتیں۔

پاکستانی قوم کے جذبے جواں ہیں اور وہ ملک کی سالمیت، دفاع اور دہشت گردی کامقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے ہزار آرٹس کونسل کے زیراہتمام سانحہ اے پی ایس پشاور کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ڈی ای او راجہ راشد تراب، پروگرام آرگنائزر سید مہتاب کاظمی، چوہدری اللہ دتہ، چوہدری شہپال،مرزا کلیم جرال اور دیگر نے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پرریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان کے مرکزی نائب صدر محمد امین بٹ، انفارمیشن آفیسر محمدجاوید ملک، انفارمیشن آفیسر سردارمحمداکمل خان، ایس سی او کے میڈیا ایڈوائزرچوہدری جہانگیرشہزاد، مسلم لیگ ن کے راہنما چوہدری مالک، چوہدری مشتاق کے علاوہ مختلف سکولوں کے طلباء وطالبات والدین اور سول سوسائٹی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈاکٹرمحمدامین چوہدری، چوہدری منیر حسین اور چوہدری اللہ دتہ نے ہزارہ آرٹس کونسل کی طرف سے مختلف شعبہ جات کے افراد کو ٹیلنٹ ایوارڈ 2016 بھی دیئے۔اس موقع پرشہداء اے پی ایس کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ڈرامے اور ٹیبلو پیش کیے گئے۔ مقررین نے شہداء پشاور کوزبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سانحہ کے لواحقین سے گہری ہمدردی کااظہار کیا۔

مقررین نے کہاکہ پاکستان دشمن قوتیں پاکستان کے امن کو تباہ کرناچاہتی ہیں لیکن ہماری مسلح افواج نے اپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کے باعث دہشت گردوں کا قلع قمع کردیاہے۔ مسلح افواج پاکستان سرحدوں کے دفاع اورپاکستان کے امن کے لیے جوکلیدی کردار اداکررہی ہے اس سے پاکستان واقعہ ہی امن کا گہوارہ بن جائے گا۔ مقررین نے شہداء اے پی ایس سمیت دہشت گردی کا نشانہ بننے والے دیگر شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیااور پاکستان کی ترقی، سلامتی اور امن کے قیام کے لیے دعائیں کیں۔