قرآن اور سیرت مصطفیﷺ سے دوری کی وجہ سے مسلمان انتشار کا شکار ہیں ،مرزا یوسف حسین

مسلم حکمران استعماری ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر اپنے ہی بھائیوں کا قتل عام کررہے ہیں ، داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کرنے والے دین کے دشمن ہیں

اتوار 25 دسمبر 2016 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کے دوران مولانا مرزا یوسف حسین نے کہا کہ ربیع الاول انتہائی مبارک اور مقدس مہینہ ہے جس میں رسول اکرمﷺ تشریف لائے اس ماہ کا جشن اور خوشیاں منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ قرآن اور سیرت مصطفیٰ ﷺ پر عمل کیا جائے ،لیکن مسلمان اس فلسفے کو پس پشت ڈال چکے ہیں جسکی وجہ سے ہم انتشار اور کشت و خون کا شکار ہیں اور مسلمان ہی مسلمانوں کے گلے کاٹ کر جہاد کے عظیم فلسفے کو بدنام کررہا ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ جب امریکہ ،برطانیہ ،فرانس اور اسرائیل کی سرپرستی میں بدنام زمانہ دہشت گرد تنظیم داعش شام میںبلا امتیاز عقیدہ و مذہب بے گناہوں کے گلے کاٹ رہی تھی تو کسی نے وا ویلا نہیں کیا لیکن جب شامی افواج اور حزب اللہ کے مجاہدین نے حلب شہر کو دہشت گردوں سے پاک کیا تو امریکہ ،اسرائیل کے ساتھ ساتھ بہت سے مسلمانوں نے بھی سوگ منایا خاص طور پر پاکستانی نام نہاد لیڈروں اور تنظیموں نے بھی مایوسی کا اظہار کیا ،جبکہ یہ بات واضح ہے کہ شام کے شہر حلب اور عراق کے شہر موصل کو اسلام کے بڑے دشمن داعش سے آزاد کروانا آسان کام نہ تھا،لیکن مجاہدین نے خدا کی مدد سے ان دشمنوں کو نست و نابود کیا اور آج اسلام کا پرچم سربلند ہے ،بعد ازاں انہوں نے اتحاد امت اور پاکستان کے استحکام کیلئے خصوصی دعا کی ۔

متعلقہ عنوان :